Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

لائیو: نوشہرہ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے سول جج اور وکیل قتل

اہم نکات
  • جسٹس علی باقر نجفی کی سپریم کورٹ تقرری کا نوٹیفکیشن جاری
  • ریکوڈک منصوبے کی فیزیبلٹی سٹڈی کی منظوری کے بعد تعمیراتی کاموں کا جلد آغاز
  • ضلع مستونگ میں بلوچستان کانسٹیبلری کی گاڑی کے قریب دھماکہ
  • کراچی کنگز اور لاہور قلندر کے درمیان پی ایس ایل کا چھٹا میچ آج کراچی میں

نوشہرہ میں رشکئی انٹرچینج کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے سول جج محمد حیات خان اور وکیل خالد خان مارے گئے۔
پولیس کے مطابق سول جج وکیل حیات خان کے ساتھ کسی کام سے پشاور جارہے تھے جس کے دوران ان پر نامعلوم افراد نے حملہ کیا۔
لاشوں کو قاضی میڈیکل کمپلیکس منتقل کر دیا گیا۔
دوسری جانب آئی جی خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید نے  موٹروے  پر سینیئر سول جج حیات خان ، وکیل خالد خان اور  سابق ضلعی ناظم کوہاٹ اور ڈی آئی جی ملک سعد شہید کے بھائی ملک اسد پر قاتلانہ حملوں کا نوٹس لے لیا۔
آئی جی نے ریجنل پولیس آفیسر مردان اور کوہاٹ سے رپورٹ طلب کر لی۔

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی عوام کو منتقل نہیں ہوگی، وزیراعظم

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ آج رات پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم جائیں گی لیکن یہ کمی عوام کو منتقل نہیں کی جائے گی، بلکہ اس رقم سے بلوچستان میں ہائی وے بنائی جائے گی۔
منگل کو کابینہ اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کراچی، قلات، خضدار اور چمن کے درمیان این 25 ہائی وے بنائی جائے گی۔  
انہوں نے کہا کہ بجلی قیمتوں میں ساڑھے سات روپے کی کمی کی جا چکی ہے جو گھروں، کاروبار اور زراعت سمیت تمام شعبوں کے لیے ہے۔ یہ ایک بڑا چیلنج تھا جسے پورا کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سکھر، حیدرآباد اور کراچی این فائیو ہائی وے بنائی جائے گی۔ 

فِچ ریٹنگ میں بہتری سے پاکستان کے معاشی ایجنڈے کو مزید تقویت ملے گی، وزیر خزانہ

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے عالمی ریٹنگ ایجنسی فچ کی جانب سے پاکستان کی ریٹنگ اپ گریڈ کرنے کا خیر مقدم کیا ہے۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ فِچ ریٹنگز نے تین سال کے طویل عرصے کے بعد پاکستان کی ریٹنگ کو اپ گریڈ کیا ہے اور ہمارے معاشی آؤٹ لک کو مستحکم قرار دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ریٹنگ میں بہتری سے حکومت کے معاشی ایجنڈے کو مزید تقویت ملے گی، سرمایہ کاری، تجارت اور روزگار کے مواقعوں میں بھی اضافہ ہو گا۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ مستقبل میں عالمی ریٹنگ ایجنسیوں، سرمایہ کاروں اور مالیاتی اداروں کا پاکستان پر اعتماد اور بھروسہ مزید بڑھے گا۔

صدر پاکستان نے جسٹس علی باقر نجفی کی بطور جج سپریم کورٹ تعیناتی کی منظوری دے دی

صدر پاکستان آصف علی زرداری نے لاہور ہائی کورٹ کے جج جسٹس علی باقر نجفی کو سپریم کورٹ کا جج تعینات کرنے کی منظوری دے دی ہے۔
منگل کو صدرِ مملکت کی منظوری کے بعد وزارت قانون نے جج علی باقر نجفی کی سپریم کورٹ میں تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔
گزشتہ ہفتے جوڈیشل کمیشن نے جسٹس علی باقر نجفی کی بطور جج سپریم کورٹ تعیناتی کی منظوری دی تھی۔

اوورسیز پاکستانیوں کو ایف بی آر میں فائلر شمار کیا جائے گا: وزیراعظم

پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے بچوں کی تعلیم کے لیے وفاقی چارٹر یونیورسٹیوں کی 10 ہزار نشستوں میں پانچ فیصد کوٹہ مختص کر دیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے منگل کو اسلام آباد میں منعقدہ دو روزہ اوورسز پاکستانیز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’اوورسیز پاکستانی دنیا بھر میں ہمارے سفیر ہیں، ان کے تمام مطالبات پورے کیے جائیں گے۔‘
انہوں نے اوورسیز پاکستانیوں کے مقدمات کی سماعت کے لیے اسلام آباد سمیت دیگر صوبوں میں خصوصی عدالتیں قائم کرنے کا اعلان بھی کیا اور کہا کہ مقدمات کی ای فائلنگ کی سہولت فراہم کی جائے گی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ’اوورسیز پاکستانیوں کو ایف بی آر میں فائلر کے طور پر ٹریٹ کیا جائے گا اور بورڈ آف ریونیو میں ان کے لیے الگ کاؤنٹرز قائم کیے جائیں گے۔‘
تفصیل کے لیے اس لنک کر کلک کریں

دہشتگردوں کی دس نسلیں بھی بلوچستان اور پاکستان کا کچھ  نہیں بگاڑ سکتیں، آرمی چیف

چیف آف آرمی سٹاف جنرل عاصم منیر نے اوورسیز پاکستانیز کنونشن سے خطاب میں کہا ہے کہ ’بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے جذبات دیکھ کر بہت متاثر ہوا ہوں اور میں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ آپ کے لیے ہمارے جذبات اس سے بھی زیادہ مضبوط ہیں۔‘
آرمی چیف نے مزید کہا کہ ’آپ صرف پاکستان کے سفیر ہی نہیں، بلکہ پاکستان کی وہ روشنی ہیں جو پورے اقوام عالم پر پڑتی ہے۔ جو لوگ برین ڈرین کا بیانیہ بناتے ہیں، وہ جان لیں کہ یہ  برین ڈرین نہیں بلکہ برین گین ہے اور  بیرون ملک پاکستانی اس کی عمدہ ترین مثال ہیں۔‘
کنونشن سے خطاب میں آرمی چیف نے کہا کہ ’کیا پاکستان کے دشمنوں کا خیال ہے کہ مٹھی بھر دہشتگرد پاکستان کی تقدیر کا فیصلہ کر سکتے ہیں۔ دہشتگردوں کی دس نسلیں بھی بلوچستان اور پاکستان کا کچھ  نہیں بگاڑ سکتیں۔‘
 اوورسیز پاکستانیز کنونشن سے وزیراعظم شہباز شریف اور وفاقی وزرا نے بھی خطاب کیا۔
تفصیل کے لیے اس لنک کر کلک کریں

دفتر خارجہ کی لیبیا کشتی حادثے میں چار پاکستانیوں کی ہلاکت کی تصدیق

پاکستان کے وزارتِ خارجہ نے تصدیق کی ہے کہ مشرقی لیبیا کے شہر سرت کے قریب حراوہ کے ساحل پر غیر ملکی تارکین وطن کی کشتی ڈوبنے کے حادثے میں چار پاکستانی شہری ہلاک ہوئے ہیں۔
دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق طرابلس میں موجود پاکستانی سفارتخانے کی ٹیم نے جائے وقوعہ کا دورہ کیا اور 11 لاشوں کی تصدیق کی۔ ان میں سے چار کی شناخت پاکستانی شہریوں کے طور پر ان کے قومی دستاویزات کی بنیاد پر ہوئی ہے، جبکہ دو لاشیں تاحال شناخت نہیں ہو سکیں۔
شناخت شدہ پاکستانی شہریوں کا تعلق گوجرانوالہ اور منڈی بہاؤالدین سے ہے۔
بیان کے مطابق پاکستانی سفارتخانہ لیبیا میں مقامی حکام کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے اور مزید معلومات اکٹھی کی جا رہی ہیں۔
تفصیل کے لیے اس لنک پر کلک کریں

اپوزیشن کا پنجاب اسمبلی میں شور شرابا، سپیکر نے احتجاج سے روک دیا

پنجاب اسمبلی کا اجلاس شروع ہوا تو اپوزیشن ارکان نے حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی تاہم سپیکر نے احتجاج کرنے سے روک دیا۔
اپوزیشن ارکان نے پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے اور بانی پی ٹی آئی عمران خان کی گرفتاری کے خلاف اور کسانوں کے حق میں نعرے بازی کی۔ 
اجلاس سے قبل اپوزیشن لیڈر احمد خان بھچر نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان اور ان کی اہلیہ پر مظالم، گندم کی قیمت اور بی ایچ یوز سمیت دیگر معاملات کے لیے ریکوزیشن جمع کروائی تھی۔
انہوں نے کہا کہ آج سے احتجاج کر رہے ہیں، پورے پاکستان کو پی ٹی آئی کے لیے قید خانہ بنا دیا گیا ہے جبکہ میانوالی کے لوگ روزانہ سرگودھا اے ٹی سی میں آتے ہیں۔
اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ کسان دو ہزار روپے من کے حساب سے گندم بیچنے پر مجبور ہے، جبکہ آٹا سستا نہیں ہو رہا اور کسان مر رہا ہے۔
 احمد خان بھچر نے مزید کہا کہ اعظم سواتی کی ملاقات عمران خان سے ہوئی ہے، پی ٹی آئی بااختیار مذاکرات کرنے کے لیے تیار ہت جو اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ ہی کر سکتے ہیں۔

صوبہ خیبرپختونخوا کے ضلع ڈی آئی خان میں دو پولیو ورکر اغوا

صوبہ خیبرپختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں مسلح افراد نے دو پولیو وکرز کو اغوا کر لیا ہے۔
خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق منگل کو مسلح افراد نے پولیو ورکز کی گاڑی پر حملہ کر کے اہلکاروں کو اغوا کر لیا۔
خیال رہے کہ ملک بھر میں انسدادِ پولیو مہم کا آغاز 21 اپریل سے ہونا ہے جس کے تحت 4 کروڑ 50 لاکھ بچوں کو قطرے پلائیں جائیں گے۔
پولیس نے جاری بیان میں کہا ہے کہ نامعلوم افراد نے رضا محمد اور محمد آصف نامی پولیو اہلکاروں کو بندوق کی نوق پر اغوا کیا ہے۔

ریکوڈک منصوبے کی فیزیبلٹی سٹڈی منظور، تعمیراتی کاموں کا آغاز رواں برس سے

 صوبہ بلوچستان میں تانبے اور سونے کے سب سے بڑے منصوبے ریکوڈک کی فیزیبلٹی سٹڈی اور اس سے منسلک پہلے فیز میں ترقیاتی سرمایہ کاری کی منظوری دے دی گئی ہے۔
ریکوڈک مائننگ کمپنی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اس منظوری کے نتیجے میں رواں برس 2025 میں بڑے تعمیراتی کاموں کی اجازت مل گئی ہے جبکہ منصوبے سے پہلی پیداوار کا ہدف 2028 ہی رکھا گیا ہے۔
منصوبے کے شیئر ہولڈرز نے فلور کارپوریشن کو مرکزی انجینئرنگ، پروکیورمنٹ اور تعمیراتی انتظام کے لیے پارٹنر منتخب کیا ہے۔ فلور کارپوریشن، بیرک کی اونر ٹیم کے ساتھ مل کر منصوبے کے تفصیلی ڈیزائن اور تعمیرات پر کام کرے گی۔
بلوچستان کے ضلع چاغی میں واقع ریکوڈک، تانبے اور سونے کی کان ہے جو اس وقت ترقی کے مراحل میں ہے۔ ریکوڈک میں بیرک کا 50 فیصد، وفاقی حکومت کے تین اداروں کا 25 فیصد، بلوچستان حکومت کا کُل 25  فیصد حصہ ہے۔ 

سرکاری و نیم سرکاری اداروں کے ذمہ 22 ارب سے زائد بجلی کے بل واجب الادا

اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی آئیسکو نے سرکاری اور نیم سرکاری نادہندہ اداروں کو بجلی واجبات کی ادائیگی کے لیے نوٹسز جاری کر دیے ہیں۔
سرکاری اور نیم سرکاری اداروں نے آئیسکو کو مجموعی طور پر 22 ارب 22 کروڑ 30 لاکھ کے واجبات ادا کرنے ہیں۔
چیف ایگزیکٹیو آئیسکو نے تمام آپریشن سرکلز انچارج کو ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ سرکاری اور نیم سرکاری اداروں سے واجبات کی وصولی کو یقینی بنائیں اور اس سلسلے میں اداروں کے سربراہان سے ملاقاتیں کریں۔

مستونگ میں بلوچستان کانسٹیبلری کی بس کے قریب دھماکے میں تین اہلکار جان سے گئے

صوبہ بلوچستان کے ضلع مستونگ میں بلوچستان کانسٹیبلری کی بس کے قریب دھماکہ ہوا ہے جس میں تین اہکار جان سے گئے جبکہ 21 زخمی ہو گئے ہیں۔
دھماکہ منگل کی صبح مستونگ میں دشت روڈ پر کنڈمیسوری کے قریب ہوا ہے۔
ڈپٹی کمشنر مستونگ راجہ اطہر عباس نے اردو نیوز کو دھماکے میں بلوچستان کانسٹیبلری کے 3 اہلکاروں کے ہلاک اور 21 کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ موٹرسائیکل میں بارودی مواد نصب تھا جبکہ دھماکہ ریموٹ کنٹرول کے ذریعے کیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق کانسٹیبلری کے اہلکار ڈیوٹی سے واپس جا رہے تھے جب ان کی بس کے قریب دھماکہ ہوا۔

پی ایس ایل کا چھٹا میچ کراچی کنگز اور لاہور قلندر کے درمیان آج کراچی میں

پاکستان سپر لیگ کے دسویں ایڈیشن کا چھٹا میچ آج کراچی کنگز اور لاہور قلندرز کے درمیان کھیلا جائے گا۔
میچ کراچی کے نیشنل سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا جو آج رات آٹھ بجے شروع ہوگا۔
گزشتہ روز پی ایس ایل کے پانچویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ  نے پشاور زلمی کو 102 سے رنز سے ہرایا تھا۔
راولپنڈی میں کھیلے گئے میچ میں پشاور زلمی  کی پوری ٹیم اسلام آباد یونائیٹد کی جانب سے دیے گئے 244 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 18 ویں اوور میں 141 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔ 

پاکستان کی غزہ میں بیپٹسٹ ہسپتال پر اسرائیلی بمباری کی شدید مذمت 

پاکستان نے غزہ میں بیپٹسٹ ہسپتال پر اسرائیلی بمباری کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ حملہ، طبی سہولیات کو نشانہ بنانے کا حصہ ہے اور بین الاقوامی انسانی قانون کی صریح خلاف ورزی ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے منگل کو جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ حملہ پام سنڈے کو پیش آیا جو مسیحیوں کے لیے ایک مقدس موقع ہے اور یہ اسرائیل کی مذہبی تقدس اور شہری زندگیوں کو نظر انداز کرنے کی نشاندہی کرتا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ پاکستان اسرائیل کے جاری مظالم کو فوری طور پر بند کرنے کا مطالبہ کرتا ہے جس کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت معصوم اور نہتے فلسطینیوں کا اندھا دھند قتل اور شہری انفراسٹرکچر کو منظم طریقے سے تباہ کیا جا رہا ہے۔

 پاکستان سے غیر قانونی طور پر مقیم افغان شہریوں کا انخلا جاری

غیر قانونی طور پر پاکستان میں رہنے والے مزید 5 ہزار 696 افغان شہریوں کو ان کے وطن واپس بھیجا گیا ہے۔
ریڈیو پاکستان کے مطابق پاکستان چھوڑنے والے غیر قانونی افغان شہریوں کی کل تعداد 9 لاکھ 54 ہزار 566 ہو گئی ہے۔ 
حکومت پاکستان غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکی شہریوں اور افغان سٹیزن کارڈ ہولڈرز کو ان کے آبائی ممالک میں واپسی کو یقینی بنا رہی ہے۔

تربیلا، منگلا اورچشمہ ریزوائر میں قابل استعمال پانی کا ذخیرہ 8 لاکھ ایکٹر فٹ سے زائد

ترجمان واپڈا نے کہا ہے کہ تربیلا، منگلا اورچشمہ ریزوائر میں قابل استعمال پانی کا مجموعی ذخیرہ 8 لاکھ 75 ہزار ایکڑ فٹ ہے۔
آبی ذخائرکی تفصیلات جاری کرتے ہوئے ترجمان واپڈا نے کہا ہے کہ تربیلا کے مقام پر دریائے سندھ میں پانی کی آمد  32  ہزار600  کیوسک اور اخراج 20 ہزار کیوسک ہے، منگلا کے مقام پر دریائے جہلم میں پانی کی آمد 25 ہزار 400 کیوسک اور اخراج 17 ہزار کیوسک ہے۔
اسی طرح سے چشمہ بیراج میں پانی کی آمد 44  ہزار 500 کیوسک اوراخراج  39 ہزار کیوسک، ہیڈ مرالہ کے مقام پر دریائے چناب میں پانی کی آمد  12 ہزار600  کیوسک اور اخراج  6 ہزار100  کیوسک جبکہ نوشہرہ کے مقام پر دریائے کابل میں پانی کی آمد 27  ہزار200  کیوسک اور اخراج  27  ہزار200   کیوسک ہے۔

اختیارات سے تجاوز اور غفلت پر اسلام آباد پولیس کے 15 اہلکار برطرف 

اسلام آباد پولیس کے 15 اہلکاروں کو اختیارات سے تجاوز اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مؤثر کارروائی نہ کرنے پر ملازمت سے برطرف کر دیا گیا ہے۔ 
پاکستان کے سرکاری خبر رساں ادارے اے پی پی کے مطابق اسلام آباد پولیس کے ایک عہدیدار نے کہا ہے کہ سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس پی) کی نگرانی میں محکمانہ انکوائری کی گئی تھی۔
’پانچ ہیڈ کانسٹیبلز اور سات کانسٹیبلز سمیت 15 اہلکاروں کو فرائض میں غفلت اور اختیارات کے ناجائز استعمال پر ملازمت سے برطرف کر دیا گیا ہے۔‘
اسلام آباد پولیس کے عہدیدار کے مطابق اہلکاروں کو اپنے اختیارات سے تجاوز، عوام کی خدمت میں ناکامی اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف موثر کارروائی نہ کرنے پر سزا دی گئی۔
تفصیل کے لیے اس لنک پر کلک کریں

راولپنڈی میں کے ایف سی پر حملے میں ملوث افراد کے خلاف مقدمہ درج

راولپنڈی میں غیر ملکی فاسٹ فوڈ چین ’کے ایف سی‘ پر حملے میں ملوث افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
راولپنڈی پولیس نے جاری بیان میں کہا ہے کہ منگل کو تھانہ کینٹ کے علاقے میں واقع فاسٹ فوڈ چین کی برانچ میں دس سے بارہ ڈنڈا بردار افراد داخل ہوئے اور گالم گلوچ اور ہنگامہ آرائی کی۔
غزہ پر اسرائیلی جارحیت کے ردعمل میں گزشتہ ہفتے کراچی اور لاہور میں کے ایف سی اور ڈومینیوز کی برانچز پر حملوں کے واقعات رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ راولپنڈی میں حملے کا یہ تازہ واقعہ پیش آیا ہے۔
حملے کی ویڈیوز میں حملہ آوروں کو بیس بال کا ڈنڈا اٹھائے توڑ پھوڑ کرتے دیکھا جا سکتا ہے جبکہ ریستوران میں بیٹھے شہریوں کے ساتھ بھی گالم گلوچ کر رہے ہیں۔
پولیس کے مطابق واقعے کا مقدمہ فاسٹ برانچ مینیجر کی مدعیت میں تھانہ کینٹ میں درج کیا گیا ہے جبکہ ملزمان کی شناخت بھی کر لی گئی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ انٹرنیشنل فوڈ چینز کی برانچز پر پولیس نفری تعینات کر دی گئی ہے اور ہنگامہ آرائی کرنے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔

 

شیئر: