Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مصر: امدادی کارکنوں کی ایمانداری، بے ہوش شخص کے لاکھوں پونڈ لوٹا دیے

کارکنوں نے بیگ کھولا تو اس میں لاکھوں کرنسی نوٹ اور زیوارت تھے۔ (فوٹو العربیہ نیٹ)
مصر کی کمشنری المنیا میں طبی امدادی ٹیم کے اہلکار نے ایمانداری کا ثبوت دیتے ہوئے حادثے میں بے ہوش ہونے والے شخص کے 6.5 ملین مصری پونڈ کی حفاظت کی اور زخمی کے ہوش میں آنے کے بعد اسے لوٹا دیے۔
عکاظ اخبار کے مطابق مصری ہلال الاحمر کے ریجنل آفس میں ایک ٹریفک حادثے کی اطلاع موصول ہوئی۔ حادثہ شہری حدود سے دور صحرائی علاقے میں پیش آیا تھا۔
امدادی ٹیم کے رکن ابوالحسن عبدالحمید اور نبیل محمود جائے حادثہ پر پہنچے تو انہیں بے ہوش زخمی ہی نہیں بلکہ تباہ حال گاڑی میں لاکھوں مصری پونڈ اور سونے کے زیورات سے بھرا بیگ بھی ملا۔
اہلکاروں نے فوری طورپر زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی اور وہاں موجود خطیر رقم اور زیورات کو بحفاظت جمع کرنے کے بعد ادارے کے ’امانت مرکز‘ میں جمع کرا دیا۔

امدادی کارکنوں نے رقم اور زیورات امانت گھر میں جمع کرادیے۔ (فوٹو عکاظ)

کارکنوں کی مثالی ایمانداری پر انہیں تعریفی سند سے بھی نوازا گیا۔ واقعے کی تفصیلات بتاتے ہوئے شعبہ ہنگامی امداد کے ڈائریکٹر ڈاکٹر عمرو رشید نے بتایا کہ حادثہ ایک ایسی شاہراہ پرہوا تھا جو الصعید کمشنری کو قاہرہ سے جوڑتی ہے۔ شاہراہ کی خستہ حالی کی وجہ سے وہاں اکثر ٹریفک حادثات رونما ہوتے رہتے ہیں۔
ڈاکٹر رشید کا مزید کہنا تھا کہ امدادی ٹیم کے ارکان نے انہیں مطلع کیا تھا کہ حادثے میں 2 افراد شدید زخمی ہیں جن میں سے ایک مکمل بے ہوش ہے جبکہ دوسرا بھی نیم بے ہوشی کی حالت میں ہے۔
کارکن کے بیان کے مطابق نیم بے ہوش شخص نے انہیں بتایا کہ گاڑی میں رکھا بیگ رقم اور زیورات سے بھرا ہوا ہے جو اس بے ہوش شخص کا ہے۔ کارکنوں نے بیگ کھولا تو اس میں لاکھوں کرنسی نوٹ اور زیوارت بھرے ہوئے تھے۔
امدادی ٹیم نے زخمیوں کو ایمبولینس کے ذریعے ہسپتال منتقل کیا اور ان کے بیگ کو امانت گھر میں جمع کرا دیا گیا۔ بیگ سے برآمد ہونے والی رقم 26 لاکھ سے زائد تھی (تقریبا 50 ہزار ڈالر) جبکہ زیورات کی قیمت 40 لاکھ مصری پونڈ سے زائد (78 ہزار ڈالر سے زائد)  تھی۔ ہسپتال کی انتظامیہ نے برآمد ہونے والی رقم اور زیورات زخمی ہونے والے شخص کے رشتہ دار کو دے دیے۔
ایمانداری کے اس واقعے پر لوگوں کی جانب سے کارکنوں کو خراج تحسین پیش کیا جا رہا ہے جبکہ مصری وزارت صحت کے سیکریٹری کی جانب سے بھی دونوں کارکنوں کو اعزازی شیلڈ اور تحائف دیے گئے۔
 

 

شیئر: