انڈیا میں سائبر فراڈ کے لیے غیر ملکی شہریوں کو سمگل کیے جانے کا انکشاف، پولیس چھاپے میں متعدد افراد بازیاب
حکام کے مطابق کارروائی کے دوران ملائیشیا کے ایک شہری کو بھی گرفتار کیا گیا ہے (فائل فوٹو: پکسابے)
انڈیا کی پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے ایسے 164 غیر ملکی شہریوں کو بازیاب کرایا ہے جنہیں مبینہ طور پر انڈیا سمگل کرنے کے بعد آن لائن فراڈ کی سرگرمیوں میں حصہ لینے پر مجبور کیا جا رہا تھا۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی ’اے ایف پی‘ کے مطابق پولیس نے کہا ہے کہ نئی دہلی کے نواحی علاقے میں ایک انٹرنیشنل سائبر کرائم نیٹ ورک کے خلاف کارروائی کے دوران 92 انڈونیشین اور 72 ملائیشین شہریوں کو بازیاب کرایا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ان غیر ملکی شہریوں کو ملازمت اور پرکشش مواقع فراہم کرنے کے بہانے انڈیا لایا گیا تھا، تاہم یہاں پہنچنے کے بعد انہیں مبینہ طور پر قید کر کے سائبر فراڈ کی سرگرمیوں میں ملوث ہونے پر مجبور کیا گیا۔
حکام کے مطابق ’کارروائی کے دوران ملائیشیا کے ایک شہری کو گرفتار کیا گیا ہے جس کے کردار کی تحقیقات جاری ہیں، جبکہ دو انڈین سہولت کاروں کی بھی شناخت کر لی گئی ہے۔‘
سائبر فراڈ کے ان مراکز میں بین الاقوامی جعل ساز انٹرنیٹ صارفین کو جعلی رومانوی تعلقات، کرپٹو کرنسی میں سرمایہ کاری اور آن لائن بیٹنگ پلیٹ فارمز کے ذریعے دھوکہ دیتے ہیں۔ ایسے مراکز جنوب مشرقی ایشیا میں عام ہیں۔
اقوام متحدہ کی رواں سال جاری کردہ ایک رپورٹ کے مطابق جنوب مشرقی ایشیا میں کم سے کم تین لاکھ افراد کو سائبر فراڈ مراکز میں سمگل کیا جا چکا ہے۔
دوسری جانب انڈیا کی وزارت خارجہ کے مطابق انڈیا نے گزشتہ ایک سال کے دوران پڑوسی ملک میانمار میں قائم سائبر فراڈ مراکز سے دو ہزار 400 سے زائد انڈین شہریوں کو واپس وطن منتقل کیا ہے۔
