Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

یوٹیوبر ڈکی بھائی کے خلاف موٹروے پولیس نے مقدمہ کیوں درج کرایا؟

ڈکی بھائی کے یوٹیوب پر آٹھ ملین سے زائد فالورز ہیں (فوٹو: یوٹیوب)
موٹروے پولیس نے معروف یوٹیوبر ڈکی بھائی کے خلاف تیز رفتار اور خطرناک انداز میں گاڑی چلانے پر کارروائی کرتے ہوئے سرگودھا اور راولپنڈی میں دو مختلف مقدمات درج کروا دیے ہیں۔
ترجمان موٹروے پولیس نے سنیچر کو ایک بیان میں کہا کہ یوٹیوبر ڈکی بھائی نے موٹروے پر 200 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے گاڑی چلائی اور ایک ویڈیو میں وہ سٹیرنگ پر ٹانگ اور پاؤں رکھ کر گاڑی چلاتے بھی دکھائی دیے۔
موٹروے پولیس کے مطابق اس قسم کا غیرذمہ دارانہ رویہ نہ صرف خود ڈرائیور بلکہ دوسرے مسافروں کی جان و مال کے لیے بھی شدید خطرناک ہے۔
موٹروے پولیس نے تھانہ لکسیاں میں ڈکی بھائی کے خلاف دفعہ 279 (لاپرواہی سے گاڑی چلانا) کے تحت مقدمہ درج کروایا ہے۔
اس کے علاوہ ڈکی بھائی کے خلاف  ضلع راولپنڈی کے تھانہ چکری میں بھی میں ایف آئی آر نمبر 92/25 درج کر لی گئی ہے۔ 
ایف آئی آر دفعہ 279 تعزیراتِ پاکستان اور دفعہ 67 نیشنل ہائی ویز سیفٹی آرڈیننس 2000  کے تحت درج کی گئی ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ’قانون کا بلاامتیاز نفاذ موٹروے پولیس کی اولین ترجیح ہے اور سوشل میڈیا پر خطرناک ڈرائیونگ کی تشہیر حادثات کا سبب بن سکتی ہے۔‘
ترجمان موٹروے پولیس نے مزید کہا کہ ’اس طرح کی لاپرواہی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور ایسے اقدامات کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔‘
سعد الرحمان المعروف ڈکی بھائی پاکستان کے چوٹی کے یوٹویبرز میں سے ایک ہیں اور ان کے 8.38 ملین سبسکرائبرز ہیں۔
وہ اس سے قبل بھی مختلف تنازعات کی زد میں رہے ہیں، کچھ عرصہ قبل یوٹیوبر ’طلحہ ریویوز‘ کے گھر پر پولیس کے غیرقانونی چھاپے کی وجہ سے ڈکی بھائی خبروں کی زینت بنے رہے۔
اس دوران سوشل میڈیا پر ڈکی بھائی پر سخت تنقید کی زد میں رہے جس کی وجہ سے چار لاکھ کے قریب یوٹیوب صارفین نے انہیں ان فالو کر دیا تھا۔

 

شیئر: