Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ڈکی بھائی اور مومن ثاقب کی انڈین ویزے مسترد ہونے کی تردید

اسی طرح مومن ثاقب کو 2019 کے آئی سی سی ورلڈ کپ میں پاکستان اور انڈیا کے میچ کے بعد مزید شہرت ملی جب اُن کا مشہور ’مجھے مارو‘ والا ویڈیو کِلپ وائرل ہوگیا۔ (فوٹو: سکرین شاٹ یوٹیوب)
پاکستان سے تعلق رکھنے والے سوشل میڈیا سلیبریٹیز ڈکی بھائی اور مومن ثاقب نے اِس خبر کی تردید کی ہے کہ اُن کے انڈیا کے ویزے مسترد ہو گئے ہیں۔
سوشل میڈیا پر گزشتہ کچھ دنوں سے افواہیں گردش کر رہی تھیں کہ ڈکی بھائی (سعد الرحمان) اور مومن ثاقب کے ورلڈ کپ کے لیے انڈیا کے ویزے مسترد ہو گئے ہیں جس کے بعد دونوں سوشل میڈیا ستاروں نے اس بات کی وضاحت کر دی ہے۔
مومن ثاقب نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر لکھا کہ ’یہ خبر چل رہی ہے کہ میرا انڈیا کا ویزا مسترد ہوگیا ہے۔ میں اس بات کی وضاحت کر دوں کہ میں نے اُس کے لیے ابھی ایپلائی ہی نہیں کیا۔ میں اس موقع پر فیکٹ چیکنگ اور خبر کی تصدیق کی اہمیت پر بات کرنا چاہوں گا کے کوئی بھی خبر پھیلانے سے پہلے اُس کی مصدقہ ذرائع سے تصدیق کر لیں۔ شکریہ‘
 
اسی طرح ڈکی بھائی نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ ’کچھ افواہیں گردش کر رہی ہیں کہ میں نے آئی سی سی ورلڈ کپ 2023 کے لیے انڈیا کے ویزے کے لیے اپلائی کیا تھا جو کے مسترد کر دیا گیا ہے۔ یہ بالکل جھوٹی خبر ہے۔ میں نے اِس ایونٹ کے لیے کوئی ویزا اپلائی نہیں کیا۔ کسی بھی خبر کو پھیلانے سے پہلے فیکٹ چیک کر لیں۔‘
خیال رہے ڈَکی بھائی یوٹیوب پر تنقید کرنے کے حوالے سے مشہور ہوئے تھے تاہم اب وہ فیملی اور ٹریول ویلوگ بناتے ہیں۔
اسی طرح مومن ثاقب کو 2017 کی آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی سے شہرت حاصل ہوئی تھی جب اُن کی گراؤنڈ میں موجود مزاحیہ سنیپ چیٹ سٹوریز انٹرنیٹ پر وائرل ہوگئی تھیں۔
اسی طرح انہیں 2019 کے آئی سی سی ورلڈ کپ میں پاکستان اور انڈیا کے میچ کے بعد مزید شہرت ملی جب اُن کا مشہور ’مجھے مارو‘ والا ویڈیو کِلپ وائرل ہوگیا اور دنیا بھر میں بطور میم استعمال ہونے لگا۔

شیئر: