Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حج آپریشن: پاکستان سے پہلی پرواز آج رات کو مدینہ کے لیے روانہ ہوگی

اسلام آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ سے 100 پروازوں میں 28 ہزار 400 عازمین حجاز مقدس روانہ ہوں گے۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان سے حج آپریشن کی پہلی پرواز پیر کی رات کو اسلام آباد سے مدینہ روانہ ہو گی۔
وزارت مذہبی امور کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق حج آپریشن کے حوالے سے وزارت نے تمام تیاریاں مکمل کر لیں ہیں۔ اور وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف اور سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی عازمین کو رخصت کریں گے۔
پی آئی اے کی فلائٹ پی کے 713، 393 عازمین کو لے کر اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے روانہ ہو گی۔ اسلام آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ سے 100 پروازوں میں 28 ہزار 400 عازمین حجاز مقدس روانہ ہوں گے۔
بیان کے مطابق روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ کے تحت 7سات خصوصی امیگریشن کاؤنٹرز تیار کیے گئے ہیں۔ آج سے شروع ہونے والا حج فلائٹ آپریشن 31 مئی تک جاری رہے گا۔
خیال رہے کہ گذشتہ روز سعودی عرب کا 47 رکنی وفد پاکستانی عازمین کو فراہم کیے جانے والے ’روٹ ٹو مکہ اینیشیٹو‘ کا جائزہ لینے کے لیے اسلام آباد پہنچا تھا۔
روٹ ٹو مکہ اینیشیٹو کا مقصد پاکستان سمیت مختلف ممالک سے آنے والے عازمینِ حج کو سہولت فراہم کرنا ہے جس کے تحت عازمین کوان کے ملک میں ہی سے امیگریشن اور کسٹم کلیئرنس کی سہولت فراہم کی جاتی ہے اور انہیں سعودی عرب پہنچنے پر ان مراحل سے نہیں گزرنا پڑتا۔
اسلام آباد ایئرپورٹ کے لیے مختص ارکان کے بعد سعودی امیگریشن محکمے کے دیگر حکام اسلام آباد سے کراچی پہنچے، جہاں ایئرپورٹ انتظامیہ نے ان کا پرتپاک خیرمقدم کیا۔
سعودی ٹیمیں اسلام آباد اور کراچی ایئرپورٹس پر موجود ہوں گی اور عازمین حج کی سعودی امیگریشن کارروائی پاکستان میں مکمل کریں گی۔

 

شیئر: