Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

طلال چوہدری سے سعودی عرب کے ڈائریکٹر جنرل اینٹی نارکوٹکس کی ملاقات

طلال چوہدری نے وزیر داخلہ محسن نقوی کی جانب سے وفد کو اعزازی شیلڈز پیش کیں (فوٹو: سکرین گریب)
وزیرِ مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری سے سعودی عرب کے ڈائریکٹر جنرل اینٹی نارکوٹکس میجر جنرل محمد بن سعید القرنی نے وفد کے ہمراہ ملاقات ہوئی۔
منگل کو وزارت داخلہ کی طرف سے جاری پریس ریلیز کے مطابق وفد میں سعودی عرب کی سفیر نواف بن سعید المالکی، میجر جنرل ترکی بن عبد العزیز، بریگیڈئر راجی بن مسلم، لیفٹننٹ نواف بن محمد الہنکی، فواز بن خالد اور کرنل سعید محمد شامل تھے۔
ملاقات میں انسداد منشیات کے ضمن میں دوطرفہ تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
طلال چوہدری نے کہا کہ اینٹی نارکوٹکس کے حوالے سے پاکستان کی زیرو ٹالرنس پالیسی ہے، منشیات کی سمگلنگ ایک بین الاقوامی مسئلہ ہے، دوست ممالک کے مابین باہمی اشتراک سے ہی اس ناسور پر قابو پایا جا سکتا ہے۔
وزیر مملکت برائے داخلہ کا کہنا تھا کہ اینٹی نارکوٹکس فورس محدود وسائل کے باوجود شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی ہے۔ گذشتہ سال 21 بلین ڈالر مالیت کی منشیات ضبط کی گئیں۔
انہوں نے کہا کہ دنیا کی 40 فیصد سے زائد منشیات کی پیداوار افغانستان میں ہوتی ہے، پاکستان میں غیر قانونی طور پر مقیم افراد کے خلاف کارروائی کی بنیادی وجہ منشیات اور دہشتگردی جیسے سنگین مسائل ہیں۔
اس موقعے پر میجر جنرل محمد بن سعید القرنی  نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ ہر شعبے میں مثالی اور برادرانہ تعلقات ہیں، منشیات کی لعنت کے مؤثر انداز میں سدباب کیلئے ملکر کام کرنا ہو گا۔
طلال چوہدری نے وزیر داخلہ محسن نقوی کی جانب سے وفد کو اعزازی شیلڈز پیش کیں اور ان کے لیے نیک خواہشات کا پیغام بھی پہنچایا۔

 

شیئر: