انڈیا پاکستان تنازع: دونوں ممالک کی عوام نے گوگل پر سب سے زیادہ کیا سرچ کیا؟
منگل 13 مئی 2025 13:42
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
پاکستان اور انڈیا کے درمیان جاری تنازع جنگ بندی کے بعد رک گیا ہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
جب سرحدوں پر کشیدگی بڑھتی ہے تو انٹرنیٹ سرچ انجنز پر تجسس بھی بڑھتا ہے۔ حالیہ دنوں میں پاکستان اور انڈیا کے درمیان پیدا ہونے والے تنازع اور اس کے نتیجے میں دونوں ممالک کے ایک دوسرے پر حملے نے صرف سیاسی محاذ پر ہلچل پیدا نہیں کی بلکہ آن لائن دنیا میں بھی ایک طوفان برپا کیا۔
گوگل ٹرینڈز کے ڈیٹا سے پتا چلتا ہے کہ دونوں ممالک کی عوام نے تنازع کے دوران نہ صرف حالاتِ حاضرہ سے متعلق معلومات تلاش کیں بلکہ مخصوص شخصیات، اشیا اور واقعات کو بھی تلاش کیا۔
یہ ڈیجیٹل سرگرمیاں اس بات کی عکاس ہیں کہ جدید دور میں عوامی ذہن سازی اور جذبات کا رخ جاننے کے لیے سرچ ڈیٹا ایک نہایت اہم ذریعہ بن چکا ہے۔
گوگل ٹرینڈز کی حالیہ ہفتے کی رپورٹ کے مطابق انڈیا اور پاکستان تنازع کے حوالے سے انڈینز اور پاکستانیوں نے لاکھوں سرچز کیں۔
انڈیا
سرچز کی تعداد کے حساب سے انڈیا میں سب سے زیادہ سیز فائر کا مطلب سرچ کیا گیا جس کی تعداد ایک کروڑ سے بھی زیادہ تھی۔
انڈیا میں دوسرے نمبر پر آئی پی ایل کی سرچز کی گئیں کہ آئی پی ایل کا نیا شیڈول کیا ہے۔ اس پر 50 لاکھ سے زائد سرچز کی گئیں۔
تیسرے نمبر آپریشن سندو سرچ کیا جاتا رہا جس کی سرچز کی تعداد 50 لاکھ سے زیادہ تھی۔
اس کے بعد 5، 5 لاکھ سرچز کے ساتھ ’انڈیا پاک نیوز‘ اور ’آئی ایم ایف‘ چوتھے اور پانچویں نمبر پر رہے۔
انڈینز کی جانب سے 2 لاکھ سرچز انڈیا کی کرنل صوفیہ قریشی پر بھی کی گئیں۔
پاکستان
سرچز کی تعداد کے حساب سے 7 مئی سے 12 مئی کے درمیان پاکستانیوں نے پی ایس ایل شیڈول پانچ لاکھ مرتبہ سرچ کیا۔
پھر 2 لاکھ مرتبہ رفال طیارے پر سرچز کی گئیں اور 50 ہزار سرچز رفال کی قیمت پر بھی تھیں۔
ان سرچز میں 50 ہزار سرچز ایس 400 ایئر ڈفینس سسٹم پر تھیں۔
20 ہزار سرچز ڈسالٹ ایوی ایشن کے حصص کی قیمتوں پر کی گئیں۔ ڈسالٹ ایوی ایشن فرانس کی کمپنی ہے جو رفال طیارے بناتی ہے۔
پاکستان میں 20 ہزار سے زائد سرچز پاکستان ایئر فورس کے ائئر وائس مارشل اورنگزیب احمد پر کی گئیں اور ساتھ ہی ساتھ 20 ہزار سے زائد سرچز شوانجی سنگھ کی ریکارڈ کی گئیں۔
