Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شہزادہ محمد بن سلمان کے تشکر کا انداز ایکس پر ٹرینڈ بن گیا

’ہزاروں شامی صارفین نے اس کی نقل کرتے ہوئے شہزادہ محمد بن سلمان کے لیے قدردانی کا اظہار کیا ہے‘ ( فوٹو: سبق)
ریاض میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی درخواست پر شام پر عائد امریکی پابندیاں اٹھانے کا اعلان کیا ہے تاکہ شامی عوام کو نیا موقع دیا جا سکے۔
 اس اقدام سے شامی لیرہ کی قدر میں فوری بہتری آئی اور معیشت کی بحالی کی امید پیدا ہوئی۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق پابندیاں ختم ہونے سے خوراک و ادویات کی درآمد، مقامی پیداواراور خودکفالت کو فروغ ملے گا۔
 فیصلہ دیگر ممالک کو بھی شام کے ساتھ روابط بحال کرنے پر آمادہ کر سکتا ہے جبکہ بنیادی ڈھانچے کی تعمیرِ نو اور اسٹریٹیجک منصوبوں کے آغاز کی راہ ہموار ہو گی۔
یہ اقدام سعودی عرب کے خطے میں امن، ترقی اور انسانی وقار کو اولین ترجیح دینے والے قائدانہ کردار کا مظہر ہے۔
سعودی، امریکی سرمایہ کاری فورم میں ایک جذباتی لمحہ اُس وقت دیکھنے میں آیا جب ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے تعریف اور شام پر سے پابندیاں ہٹانے کے اعلان پر مسکراتے ہوئے ہاتھ دل پر رکھ کر شکریہ ادا کیا۔
اس دوران حاضرین نے پرجوش انداز میں تالیاں بجائیں جب کہ ایلون مسک بھی ان کے پیچھے بیٹھے داد دے رہے تھے۔
ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے تشکر کا یہ انداز دیکھتے دیکھتے ایکس پر ٹرینڈ بن گیا اور ہزاروں شامی صارفین نے اس کی نقل کرتے ہوئے شہزادہ محمد بن سلمان کے لیے قدردانی کا اظہار کیا ہے۔
 

شیئر: