اسرائیلی فوج نے شمالی غزہ کے 14 علاقوں کے لیے انخلا کی وارننگ جاری کر دی
اسرائیلی فوج نے جمعرات کے روز شمالی غزہ کی پٹی کے 14 علاقوں، جن میں بیت لاحیا اور جبالیا کے کچھ علاقے شامل ہیں، کے لیے انخلا کی وارننگ جاری کی۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق فوج نے عربی زبان میں جاری ایک بیان میں رہائشیوں کو بتایا کہ ’فوج آپ کے علاقوں میں شدید طاقت کے ساتھ کارروائی کر رہی ہے، کیونکہ دہشت گرد تنظیمیں وہاں اپنی سرگرمیاں اور کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔‘
اسی طرح کی ایک وارننگ بدھ کی شام کو شمالی غزہ کے بعض علاقوں کے لیے جاری کی گئی تھی، جسے فوج نے راکٹ حملوں کے جواب میں قرار دیا۔
فوج نے کہا کہ ’ایک میزائل جو شمالی غزہ کی پٹی سے اسرائیل کی طرف آتا ہوا دیکھا گیا، اسے فضائیہ نے مار گرایا۔‘
بعد ازاں فوج نے شمالی غزہ سے مزید تین راکٹ داغے جانے کی اطلاع دی، لیکن کہا کہ وہ تمام میزائل فلسطینی علاقے کے اندر ہی گر گئے۔
اسرائیل نے حالیہ دنوں میں غزہ میں اپنی کارروائیاں تیز کر دی ہیں، جسے وہ حماس کو ختم کرنے کی نئی کوشش قرار دیتا ہے۔
غزہ کی شہری دفاعی ایجنسی کے مطابق، جمعرات کے روز اسرائیلی حملوں میں کم از کم 19 افراد مارے گئے۔