Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایئر وائس مارشل اورنگزیب احمد سے کیا رشتہ ہے، نادیہ خان کا بیان سوشل میڈیا پر زیر بحث

نادیہ خان نے اپنے ٹی وی شو میں ایک پرانی تصویر شیئر کی جس میں ایئر وائس مارشل اورنگزیب احمد اور ان کے شوہر موجود ہیں۔ (فوٹو: نادیہ خان)
پاکستان کی معروف ٹیلی ویژن ہوسٹ اور اداکارہ نادیہ خان نے انکشاف کیا ہے کہ پاکستان فضائیہ کے ایئر وائس مارشل اورنگزیب احمد کے ساتھ ان کا خاندانی تعلق ہے۔ 
حال ہی میں نادیہ خان نے نجی ٹی وی چینل پر اپنے مارننگ شو میں ایک پرانی تصویر دکھائی جس میں چار افراد کسی تفریحی مقام پر موجود ہیں اور ان میں اورنگزیب احمد میں شامل ہیں۔
نادیہ خان نے بتایا کہ اس تصویر کے بائیں جانب میرے شوہر فیصل راؤ کھڑے ہیں اور درمیان میں اورنگزیب احمد موجود ہیں۔ 
نادیہ کا کہنا تھا ’جب میری فیصل سے شادی ہوئی تو انہوں نے مجھے کہا کہ میرے تین بھائی ہیں لیکن میرا ایک اور بھائی ہے جس کا نام اورنگزیب ہے، میں ان سے بہت پیار کرتا ہوں اور وہ ایک بہت قابل فائٹر پائلٹ ہیں۔‘
ٹی وی اینکر نے مزید کہا کہ ’میرے شوہر اور اورنگزیب کا آپس میں رابطہ تھا وہ گھنٹوں فون پر بات کرتے رہتے تھے، پھر میں ان سے ملی۔ اورنگزیب احمد کا خاندان بھی بہت شاندار ہے اور ان کے گھر کی جلیبی بہت خاص تھی جو ان کا باورچی بناتا ہے۔‘
اورنگزیب احمد کی شخصیت پر بات کرتے ہوئے نادیہ خان نے کہا کہ اورنگزیب بھائی کہ شخصیت بہت شاندار ہے، وہ محب وطن پاکستانی ہیں اور ان کا جذبہ اور فیصلے کرنے کی صلاحیت کمال ہے۔ میرے شوہر بھی ان سے بہت متاثر ہیں اور کہتے ہیں کہ میرا بیٹا اورنگزیب جیسا بنے۔‘
واضح رہے ائیر وائس مارشل اورنگزیب احمد حالیہ پاکستان انڈیا تنازع اور خاص کر آپریشن بنیان مرصوص پر پریس بریفنگ کے بعد خبروں اور سوشل میڈیا ٹرینڈز کی زینت بنے تھے۔  
اب نادیہ خان کے ان بیانات کے بعد اورنگزیب احمد ایک مرتبہ پھر سوشل میڈیا پر وائرل ہو چکے ہیں جہاں صارفین مختلف تبصرے کر رہے ہیں۔
رافیہ وسیم نے ایکس پر اپنی پوسٹ میں کہا ’آٹوگرافس کے لیے نادیہ خان سے رابطہ کریں۔‘
نادیہ خان کی اورنگزیب احمد سے متعلق انسٹاگرام پر شیئر کی گئی ویڈیو میں متعدد صارفین مطالبہ کرتے نظر آئے کہ اورنگزیب صاحب کا انٹرویو کریں اور دوسری جانب کچھ صارفین نے نادیہ پر تنقید بھی کہ یہ سب کہانی جو آپ سنا رہی ہیں وہ اورنگزیب احمد کو پتا ہے یا نہیں۔ 

  

شیئر: