سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان سنیچر کو وزارتی کمیٹی کے توسیعی اجلاس میں شرکت کےلیے میڈرڈ پہنچے ہیں۔
ایس پی اے کے مطابق اجلاس میں غزہ کی پٹی اور مغربی کنارے کی صورتحال، جنگ رکوانے اور غزہ میں انسانی مصائب کے خاتمے کےلیے بین الاقوامی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
مزید پڑھیں
دو ریاستی حل سے متعلق اعلی سطح کی بین الاقوامی کانفرنس کی تیاریوں پر بھی بات چیت ہوگی جو سعودی عرب اور فرانس کی مشترکہ صدارت میں آئندہ ماہ جون میں نیویارک میں اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹر میں ہو رہی ہے۔
یاد رہے غزہ کی صورتحال پر مشترکہ عرب اور اسلامی وزارتی کمیٹی کے ارکان نے جمعے کو پیرس میں فرانسیسی وزیر خارجہ جین نول بروٹ سے ملاقات کی تھی۔
ملاقات میں موجودہ بحران اور خطے میں امن کو آگے بڑھانے کی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
غزہ میں جنگ کے خاتمے، انسانی امداد کی کسی رکاوٹ کے بغیر فراہمی یقینی بنانے، اسرائیل کی جانب سے فلسطینی عوام اور مقبوضہ علاقوں میں کی جانے والی خلاف ورزیاں رکوانے کےلیے بین الاقوامی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
متعلقہ بین الاقوامی قوانین کے مطابق دو ریاستی حل پرعملدرامد پر زور دیا گیا منصفانہ اور دیرپا امن کے لیے مشترکہ سفارتی اقدامات کو تیز کرنے کے طریقوں پر بات چیت کی گئی۔