مملکت سے جمہوریہ شام کے لیے براہ راست پروازوں کا آغاز جولائی سے کیا جارہا ہے۔
شام پرعائد پابندیاں ختم ہونے کے بعد غیرملکی فضائی سروس مرحلہ وار بحال ہونا شروع ہو گئی ہے۔
مزید پڑھیں
اخبار 24 کے مطابق ’ فلائی اے ڈیل ‘ کے سی ای او سٹیفن گرین وے نے بتایا ’سعودی عرب سے دمشق کے لیے براہ راست پروازایں شروع کرنے کےلیے ایئرلائن کو گزشتہ ہفتے این او سی مل چکا ہے۔‘
’ایئرلائن کی جانب سے فضائی سفر کی تیاریاں کی جارہی ہیں توقع ہے جولائی میں پروازوں کا باقاعدہ آغاز کردیا جائے گا۔‘
الاخباریہ چینل کے مطابق سعودی عرب کی دوسری لو بجٹ ایئرلائن ’فلائی ناس‘ بھی دمشق کےلیے پروازیں شروع کرنے کی تیاری کررہی ہے تاہم حتمی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا۔
امارت کی ’فلائی دبئی‘ کمپنی کی جانب سے بھی دمشق کے لیے پروازیں بحال کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ توقع ہے رواں ماہ امارات سے دمشق کےلیے پروازیں بحال ہوجائیں گی۔
خیال رہے جمہوریہ شام میں گزشتہ 14 برس سے جاری خانہ جنگی کے دوران متعدد بیرونی فضائی کمپنیوں نے اپنی پروازیں بند کردی تھیں۔
واضح رہے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ انتظامیہ نے گزشتہ ہفتے شام پرعائد کی جانے والی پابندیوں کے خاتمے کا اعلان کیا تھا۔
گزشتہ دنوں ٹرمپ انتظامیہ نے شام پر پابندیوں میں نرمی کے لیے پہلا قدم اُٹھاتے ہوئے خانہ جنگی کا شکار ملک کو سینکشنز سے بڑے پیمانے پر استثنیٰ دیا ہے۔
’یہ استثنیٰ ’بجلی، توانائی، پانی اور صفائی کی سہولیات کی فراہمی کو آسان اور شام بھر میں زیادہ مؤثر انسانی امداد کی فراہمی کو ممکن بنائے گا۔‘
مغربی طاقتیں پہلے ہی شام پر سے پابندیاں ہٹا چکی ہیں جن میں یورپی یونین بھی شامل ہے۔