Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ترکیہ میں 9 سالہ سعودی بچہ دریا میں بہہ گیا، تلاش جاری

’واقعہ اس وقت پیش آیا جب بچہ اپنے اہل خانہ کے ہمراہ دریا کے قریب ایک سیاحتی مقام پر موجود تھا‘ ( فوٹو: سبق)
ترکیہ میں سعودی سفارتخانے نے کہا ہے کہ ایک سعودی بچہ ترکیہ کے قصبے ’اوزون‌ گول‘ میں دریائے ہالدیزان میں گرگیا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق سفارتخانے نے کہا ہے کہ ’سفارت خانے نے واقعے کے پیش آتے ہی بچے کے اہلِ خانہ کے ساتھ ترکیہ کی متعلقہ حکام سے فوری طور پر رابطہ کیا ہے‘۔
’ ترک حکام علاقے اور اس کے نواح میں وسیع پیمانے پر تلاش کی کارروائیاں شروع کردیں ہیں‘۔
سفارتخانے نے کہا ہے کہ ’ہم اللہ تعالیٰ سے دعا گو ہیں کہ یہ کوششیں کامیابی سے ہمکنار ہوں‘۔
خیال رہے کہ 9 سالہ سعودی بچہ فیصل رمزی الشیخ کے دریائے ہالدیزان میں بہہ جانے کا واقعہ ترکیہ کے صوبے ترابزون کی تحصیل چایکارا میں پیش آیا جس پر ترک مقامی حکام نے فوری توجہ دی ہے اور گزشتہ تین روز سے مسلسل تلاش اور بچاؤ کی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔
ترابزون کی مقامی انتظامیہ نےایک سو سے زائد افراد پر مشتمل امدادی ٹیمیں، جن میں رضاکار، مقامی شہری، سول ڈیفنس اور طبی اہلکار شامل ہیں، تعینات کی ہیں تاکہ بچے کو تلاش کیا جا سکے جو اپنی فیملی کے ساتھ سیاحتی دورے کے دوران دریا میں بہہ گیا۔
یہ المناک واقعہ اس وقت پیش آیا جب بچہ اپنے اہل خانہ کے ہمراہ دریا کے قریب ایک سیاحتی مقام پر موجود تھا جہاں اچانک شدید بارش شروع ہو گئی جس کے باعث وہ لاپتہ ہو گیا۔

شیئر: