خلیجی ممالک نے چین اور انڈیا پر اینٹی ڈمپنگ ڈیوٹی عائد کردی
’اینٹی ڈمپنگ ڈیوٹی مختلف اقسام کی سینیٹری مصنوعات پر لاگو ہوگا‘ ( فوٹو: سبق)
جی سی سی ممالک کے وزرائے صنعت پر مشتمل کمیٹی نے بین الاقوامی تجارت میں مضر تجارتی رویوں کے خلاف قائم مستقل کمیٹی کی سفارش کی منظوری دی ہے جس کے تحت چین اورانڈیا سے درآمد یا برآمد کی جانے والی بعض مصنوعات پر حتمی اینٹی ڈمپنگ ڈیوٹی عائد کی جائیں گی۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق یہ فیصلہ مختلف اقسام کی سینیٹری مصنوعات پر لاگو ہوگا جن میں کچن سنک، واش بیسن اور ان کے اسٹینڈ، باتھ ٹب، بیدے، ٹوائلٹ سیٹ، پانی کے فلش ٹینک ، پیشاب خانے اور اسی نوعیت کی دیگر مستقل طور پر نصب کی جانے والی سینیٹری مصنوعات شامل ہیں۔
خلیجی تعاون کونسل کی جنرل سیکرٹریٹ کے تحت قائم بین الاقوامی تجارتی رویوں سے تحفظ کے فنی دفتر نے اپنی سرکاری رپورٹ میں اس فیصلے کی تفصیلات جاری کی ہیں اور ان درآمدی اشیا پر حتمی محصولات کے نفاذ کا اعلان کر دیا ہے۔
دفتر نے واضح کیا کہ یہ فیصلہ خلیجی صنعتوں کو تجارتی ڈمپننگ کے منفی اثرات سے بچانے اور مقامی مارکیٹ میں منصفانہ مسابقت کو یقینی بنانے کے لیے کیا گیا ہے۔