Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

چترال سے تعلق رکھنے والی نوجوان ٹک ٹاکر ثنا یوسف اسلام آباد میں قتل

ثنا یوسف نے قتل سے چند گھنٹے قبل انسٹاگرام پر اسلام آباد سے ایک ویڈیو اپلوڈ کی تھی۔ فائل فوٹو: انسٹاگرام
پاکستان کے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں چترال سے تعلق رکھنے والی نوجوان ٹک ٹاکر ثنا یوسف کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا ہے۔ 
پیر کو تھانہ سمبل کی حدود میں واقع سیکٹر جی-13 میں نامعلوم ملزم نے گھر میں گھس کر ثنا یوسف کو قتل کیا۔ 
اسلام آباد پولیس کے ترجمان نے اردو نیوز سے بات کرتے ہوئے واقعے کی تصدیق کی اور بتایا کہ یہ واقعہ آج شام سیکٹر جی-13 میں پیش آیا ہے۔
ابتدائی معلومات کے مطابق ثنا یوسف کو اُن کے گھر میں داخل ہو کر گولیاں ماری گئیں۔
پولیس کے مطابق اطلاع ملتے ہی متعلقہ تھانے کی نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے پمز اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
پولیس ترجمان کا کہنا تھا کہ واقعے کی مزید تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں اور پیش رفت سے میڈیا کو آگاہ کیا جائے گا۔
اردو نیوز کو پولیس کے ایک افسر نے بتایا کہ ’ثنا یوسف کو اُن کے گھر آئے ایک مہمان نے فائرنگ کر کے قتل کیا اور موقع سے فرار ہو گیا۔ ‘ 
تھانہ سنبل کے اسٹیشن ہاؤس آفیسر (ایس ایچ او) ملک آصف نے اردو نیوز کو بتایا کہ بظاہر ٹک ٹاکر ثنا یوسف کو قتل کرنے والا شخص اس کا جاننے والا معلوم ہوتا ہے، کیونکہ وہ مہمان بن کر ان کے گھر آیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ پولیس نے مختلف پہلوؤں سے قتل کی تفتیش شروع کر دی ہے اور جلد اس واقعے کی ایف آئی آر بھی درج کر لی جائے گی۔
ملک آصف  کے مطابق مقتولہ ثنا یوسف اپنی فیملی کے ساتھ سیکٹر جی-13 میں رہائش پذیر تھی۔
ثنا یوسف نے واقعے سے چند گھنٹے قبل ہی انسٹاگرام پر اسلام آباد سے ایک ویڈیو اپلوڈ کی تھی۔

 

شیئر: