Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان اور انڈیا میں کشیدگی، ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کے انعقاد پر غیریقینی کے بادل

انڈیا نے رواں سال کے آغاز میں چیمپئنز ٹرافی کے لیے پاکستان آںے سے انکار کر دیا تھا۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
پاکستان اور انڈیا کے درمیان حالیہ کشیدگی کے بعد رواں سال کرکٹ کے ایشیا کپ ٹورنامنٹ کے انعقاد کو غیریقینی کے بادل منڈلا رہے ہیں۔
خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق ٹورنامنٹ کے میزبان انڈیا اور روایتی حریف پاکستان کے درمیان حالیہ جھڑپوں کے بعد رواں سال کا ایشیا کپ کے انعقاد اور ٹورنامنٹ میں پاکستانی ٹیم کی شرکت کے حوالے سے کچھ بھی یقین سے نہیں کہا جا سکتا۔
جوہری ہتھیاروں سے لیس پڑوسی ملکوں کے درمیان پہلے سے ہی کشیدہ تعلقات گزشتہ ماہ جنگ بندی کے اعلان سے قبل چار دن کی شدید لڑائی سے مزید خراب ہو چکے ہیں۔
انڈین کرکٹ بورڈ رواں سال ستمبر میں ایشیا کپ کی میزبانی کرنے والا ہے، جو ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کا ایک اہم ایونٹ ہے لیکن اس ٹی20 ٹورنامنٹ کے انعقاد کے حوالے سے غیریقینی صورتحال برقرار ہے۔
انڈین کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے منگل کے روز روئٹرز کو بتایا کہ ’سچ پوچھیں تو ہم نے بورڈ کے کسی اجلاس میں ایشیا کپ کے حوالے سے ابھی کوئی گفتگو نہیں کی ہے۔‘
یہ بات انہوں نے اس سوال کے جواب میں کی کہ آیا ٹورنامنٹ شیڈول کے مطابق آگے بڑھے گا یا نہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’ہم انڈین پریمیئر لیگ میں مصروف رہے اور پھر ہمارے پاس انڈین کرکٹ ٹیم کا دورہ انگلینڈ ہے۔ یہ ہمارے فوری توجہ کے معاملات ہیں۔‘
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کا بھی انڈیا میں ہونے والے ٹورنامنٹ میں اپنی ٹیم کی شرکت کے حوالے سے کوئی مؤقف سامنے نہیں آیا۔
پی سی بی نے ایک بیان میں روئٹرز کو بتایا کہ ’جب ہم اس مرحلے پر پہنچیں گے تب اس کے بارے میں بتا سکیں گے۔‘
ایشین کرکٹ کونسل کے صدر محسن نقوی جو پاکستان کرکٹ بورڈ کے سربراہ بھی ہیں، وہ اس حوالے سے تبصرہ کرنے کے لیے دستیاب نہیں تھے۔

انڈین کرکٹ بورڈ رواں سال ستمبر میں ایشیا کپ کی میزبانی کرنے والا ہے۔ فائل فوٹو: اے ایف پی

ایشین کرکٹ کونسل نے پیر کے روز خواتین کے ایمرجنگ ایشیا کپ کو ملتوی کرنے کا اعلان کیا جو جمعے کو شروع ہونے والا تھا۔
کونسل نے التوا کی وجوہات میں موسم کی صورتحال اور میزبان ملک سری لنکا میں چکن گونیا وائرس کی بیماری کے پھیلاؤ کا بتایا تھا۔
بھارت رواں سال خواتین کے 50 اوورز کرکٹ کے عالمی مقابلوں کی میزبانی کرے گا لیکن پاکستان انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے انتظامات کے تحت اپنے تمام میچ سری لنکا میں کھیلے گا۔
انڈیا نے رواں سال کے آغاز میں چیمپئنز ٹرافی کے لیے پاکستان آںے سے انکار کر دیا تھا اور 9 مارچ کو ہونے والے فائنل سمیت اپنے تمام میچ دبئی میں کھیلے تھے۔
انڈیا اور پاکستان کے درمیان دو طرفہ کرکٹ سیریز 2013 سے معطل ہے،اور دونوں ٹیمیں صرف عالمی مقابلوں میں ایک دوسرے کے مقابلے میں میدان میں اُترتی ہیں۔
انڈیا کے ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر دوسرے ملکوں کے میدانوں پر پر بھی پاکستان سے کھیلنے کے خلاف ہیں تاہم انہوں نے گزشتہ ماہ کہا تھا کہ انڈین کرکٹ بورڈ نے جو بھی فیصلہ کیا اس پر عمل کریں گے۔

شیئر: