جنوبی افریقی کرکٹر ہینرک کلاسن کا بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان
پیر 2 جون 2025 13:31
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
کلاسن ٹی ٹوئنٹی فرنچائز کرکٹ میں سب سے زیادہ مانگ والے کھلاڑیوں میں شامل ہیں۔ (فوٹو: اے ایف پی)
جنوبی افریقہ کے وکٹ کیپر بیٹر ہینرک کلاسن نے بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔
ای ایس پی این کرک انفو کے مطابق کلاسن ریٹائرمنٹ کے بعد اب اپنی توجہ ٹی ٹوئنٹی لیگز پر مرکوز کرنا چاہتے ہیں۔
یہ فیصلہ کافی عرصے سے متوقع تھا، خاص طور پر جب اپریل میں کرکٹ ساؤتھ افریقہ (CSA) نے انہیں مرکزی کنٹریکٹ نہ دینے کا فیصلہ کیا۔ کلاسن اُس وقت صرف وائٹ بال کنٹریکٹ پر تھے، اور انہوں نے جنوری 2024 میں ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے لی تھی۔
اپنے بیان میں کلاسن نے کہ ’یہ میرے لیے ایک افسوسناک دن ہے کیونکہ میں بین الاقوامی کرکٹ سے دستبردار ہو رہا ہوں۔ یہ فیصلہ کرنے میں مجھے بہت وقت لگا کہ میرے اور میرے خاندان کے مستقبل کے لیے کیا بہتر ہے۔ یہ واقعی ایک بہت مشکل فیصلہ تھا، لیکن ایسا فیصلہ ہے جس پر مجھے مکمل اطمینان ہے۔‘
کلاسن ٹی ٹوئنٹی فرنچائز سرکٹ میں سب سے زیادہ مانگ والے کھلاڑیوں میں شمار ہوتے ہیں، اور وہ اس موسمِ گرما میں میجر لیگ کرکٹ (MLC) میں سیئٹل اورکاس کے لیے کھیلیں گے، جبکہ اس کے بعد وہ دی ہنڈرڈ میں مانچسٹر اوریجنلز کی نمائندگی کریں گے۔