Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مسجد نمرہ میں حجاج کے خیرمقدم کی تیاریاں مکمل

ایک لاکھ 25 ہزارمربع میٹر رقبے میں آرام دہ قالین بچھائے گئے ہیں (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزارت اسلامی امور نے میدان عرفات مسجد نمرہ میں عازمین حج کے خیرمقدم کے لیے تیاریاں مکمل کرلیں جو حج کے دوران حجاج کے لیے ایک اہم مقدس مقام ہے۔
ایس پی اے کے مطابق حجاج کو عبادت کے لیے پرسکون ماحول کی فراہمی کے لیے مسجد کے ایک لاکھ 25 ہزار مربع میٹر رقبے میں آرام دہ قالین بچھائے گئے ہیں۔
مسجد کے اطراف ماحول کو ٹھنڈا رکھنے کےلیے 117 پھوار والے پنکھے نصب کیے گئے ہیں جس سے درجہ حرارت میں اوسطا 9 ڈگری سینٹی گریڈ کم آتی ہے۔
 صحت مند ماحول کےلیے 70 واٹر چلر نصب ہیں ہر یونٹ فی گھنٹہ دو ہزار حجاج کی خدمت کر سکتا ہے جبکہ اس کی کل گنجائش ایک لاکھ 40 ہزار حجاج  کی پیاس بجھانے کی ہے۔
مسجد کے وینٹی لیشن، ایئرکنڈیشنگ اور پیورفیکیشن سسٹم کے علاوہ آڈیو سسٹم اور سرویلینس کیمروں کو بھی اپ گریڈ کیا گیا ہے۔
اہم ترقیاتی منصوبوں کومکمل کرکے مسجد نمرہ کے اطراف شجر کاری اور موسم کو ٹھنڈا رکھنے کےلیے شیڈز کا انتظام کیا گیا ہے۔
میدان عرفات میں واقع مسجد نمرہ جسے مسجد عرفہ بھی بھی جاتا ہے یہاں وقوف عرفہ کے دن خطبہ حج دیا جاتا ہے۔ ظہر وعصر کی نمازیں ایک اذان و دواقامت کے ساتھ پڑھائی جاتی ہیں۔ 
مسجد نمرہ میدان عرفات کی مغربی جانب واقع ہے اس سے متصل وادی ’عرنہ ‘ ہے مسجد کی دیوار مکہ مکرمہ کے رخ پر ہے جبکہ وادی عرنہ کا شمار میدان عرفات میں نہیں ہوتا۔  سعودی حکومت کی توسیع سے قبل مسجد نمرہ کی لمبائی 90 جبکہ چوڑائی 80 میٹرہوا کرتی تھی۔ 
 توسیع  کے بعد مسجد کا رقبہ ایک لاکھ 10 ہزار مربع میٹرہو گیا جبکہ دوسری منزل بھی تعمیر کرائی گئی جس کا رقبہ 27 ہزار مربع میٹرہے۔
مسجد نمرہ دنیا کی بڑی مساجد میں سے ادیک ہے جہاں چار لاکھ نمازیوں کی گنجائش ہے، اس میں 72 دروازے اور داخلی راستے ہیں۔

 

شیئر: