Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی فضائی کمپنی فلائی ناس کی شام کےلیے پہلی پرواز

پہلی پرواز دمشق پہنچی تو طیارے کو واٹر کینن سے سلامی دی گئی (فوٹو: ایکس اکاونٹ)
دنیا کی معروف لو بجٹ سعودی فضائی کمپنی ’فلائی ناس‘ نے شام کےلیے پروازوں کا آغاز کردیا۔ جمعرات کو پہلی براہِ راست پرواز دارالحکومت ریاض سے دمشق انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچی ہے۔
سعودی عرب اور شام کے درمیان 12 برس بعد براہ راست پروازیں شروع کی گئی ہیں۔
ریاص کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پہلی پرواز کے موقع پر تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں شام کے ناظم الامور حسین عبدالعزیز، فلائی ناس اور ریاض ایئرپورٹس کمپنی کے عہدیدار موجود تھے۔
سعودی عرب سے پہلی پرواز دمشق پہنچی تو طیارے کو واٹر کینن سے سلامی دی گئی اور مسافروں کا خیرمقدم  روایتی رقص اور تحائف سے کیا گیا۔
یاد رہے سعودی عرب کی ایک اور فضائی کمپنی ’ فلائی اے ڈیل ‘ نے جولائی میں پروازیں شروع کرنے کا اعلان کیا تھا۔
کمپنی کے سی ای او سٹیفن گرین وے نے بتایا ’سعودی عرب سے دمشق کے لیے براہ راست پروازایں شروع کرنے کےلیے ایئرلائن کو گزشتہ ہفتے این او سی مل چکا ہے۔‘
’ایئرلائن کی جانب سے فضائی سفر کی تیاریاں کی جارہی ہیں توقع ہے جولائی میں پروازوں کا باقاعدہ آغاز کردیا جائے گا۔‘
خیال رہے جمہوریہ شام میں جاری خانہ جنگی کے دوران متعدد بیرونی فضائی کمپنیوں نے اپنی پروازیں بند کردی تھیں۔
 یورپی یونین اور امریکہ کی جانب سے شام پر عائد پابندیاں ہٹانے کا اعلان کیا گیا ہے جس کے بعد خطے میں سفارتی اور تجارتی سرگرمیوں میں تیزی دیکھنے میں آ رہی ہے۔

 

شیئر: