وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سعودی عرب میں، خانہ کعبہ میں نوافل ادا کیے
وزیراعظم شہباز شریف جمعرات کو دو روزہ دورے پر سعودی عرب پہنچے تھے (فائل فوٹو: ویڈیو گریب)
پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف اور آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے وفد کے ہمراہ ولیِ عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی خصوصی دعوت پر سعودی عرب کا دورہ کیا ہے۔
جمعے کو وزیراعظم ہاؤس سے جاری کردہ بیان کے مطابق ’وزیراعظم اور فیلڈ مارشل نے گزشتہ شب عمرہ کی سعادت حاصل کی اور اس دوران پاکستانی وفد کے لیے خانہ کعبہ کا دروازہ خصوصی طور پر کھولا گیا۔‘
بیان کے مطابق ’وزیراعظم اور آرمی چیف نے وفد کے ہمراہ خانہ کعبہ میں نوافل ادا کیے اور ’بنیان مرصوص‘ کی عظیم فتح پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کیا۔‘
’اس موقعے پر وزیراعظم اور فیلڈ مارشل نے پاکستان کی معاشی میدان اور عوامی فلاح کے لیے اقدامات کے حوالے سے حالیہ کامیابیوں پر اللہ رب العزت کا شکر ادا کرتے ہوئے ملکی ترقی و خوشحالی کے ساتھ ساتھ امت مسلمہ بالخصوص ظلم و جبر کے شکار کشمیری و فلسطینی مسلمان بہن بھائیوں کے لیے خصوصی دعائیں کیں۔‘
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیرداخلہ سید محسن رضا نقوی اور وزیرطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ بھی وزیرِاعظم کے ہمراہ تھے۔