Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حج 2025: تشریق کے پہلے دن شیطانوں کو کنکریاں مارنے کا سلسلہ جاری

حجاج آج تینوں شیطانوں کو کنکریاں ماریں گے (فوٹو، عدنان مہدلی)
حج 1446 ہجری بمطابق 2025 تیزی سے اختتامی مراحل کی جانب بڑھ رہا ہے ۔ آج 11 ذی الحجہ ’ایام التشریق‘ کے پہلے دن حجاج کرام کی جانب سے شیطانوں کو کنکریاں مارنے کا عمل صبح سے جاری ہے۔
تفصیلات کے مطابق حج 2025 کے تیسرے اور اختتامی مرحلے میں حج کے رکن اعظم وقوف عرفہ کی ادائیگی کے بعد حجاج مزدلفہ میں رات بھر قیام کرتے ہیں جہاں سے وہ شیطانوں (علامتی مقام ) کو مارنے کے لیے کنکریاں جمع کرتے ہیں۔
بعدازاں 10 ذی الحجہ کو عید الاضحی کے موقع پر وادی منی میں جمرات پرواقع جمرہ عقبہ (بڑے شیطان) کو 7 کنکریاں مارنے کے بعد اپنے خیمے میں چلے جاتے ہیں۔
پہلے دن یعنی عید الاضحی 10 ذی الحجہ کو ’یوم النحر‘ جبکہ رمی کے باقی تین دنوں کو ’ایام تشریق‘ کہا جاتا ہے۔ حجاج ایام تشریق کے پہلے دن یعنی 11 ذی الحجہ کو تینوں جمرہ (بڑے، درمیانے اور چھوٹے شیطان) کو سات، 7 کنکریاں مارنے کے بعد منی میں ہی قیام کرتے ہیں۔

جمرات پر جانے اور واپسی کے راستے جدا ہیں تاکہ ازدحام نہ ہو(فوٹو،عدنان مہدلی)

رمی کا سلسلہ 12 ذی الحجہ یعنی تشریق کے دوسرے دن بھی شام تک جاری رہتا ہے اس کے ساتھ ہی حج کے مناسک مکمل ہو جاتے ہیں۔
وہ حجاج جو 12 ذی الحجہ کو غروبِ آفتاب کے بعد منی کی حدود سے نہیں نکلتے ان کے لیے ضروری ہوتا ہے کہ وہ تشریق کے تیسرے دن یعنی 13 ذی الحجہ کو بھی تینوں شیطانوں کو کنکریاں ماریں اوردن بھر منی میں قیام کرنے کے بعد غروب آفتاب کے ساتھ ہی منی کو چھوڑ دیں۔
وزارت حج و دیگر اداروں کی جانب سے مشترکہ انتظامی آپریشن کے تحت وادی منی میں جمرات کو جانے والے راستوں پرجگہ جگہ سیکیورٹی اہلکار اور رضا کار حجاج کی رہنمائی اور مدد کے لیے متعین ہیں۔

وادی منی میں سیکیورٹی اہلکار حجاج کی مدد و رہنمائی کرتے ہیں۔

جمرات کی تمام منزلوں پر سیکیورٹی اہلکاروں کے ساتھ ساتھ شہری دفاع اور ہلال الاحمر کی ٹیمیں بھی موجود ہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی حالت میں فوری طور پر امدادی کارروائی کی جائے۔   

شیئر: