Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حج 2025 ماضی کے مقابلے میں تاریخی اور بہترین رہا، وزیرِ مذہبی امور سردار یوسف

وزیر مذہبی امور کے مطابق پاکستانی عازمین حج کوغیر معمولی خدمات اور سہولیات فراہم کی گئیں۔ فوٹو: سکرین گریب
پاکستان کے وزیر برائے مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہا ہے کہ حج 2025 ماضی کے کسی بھی حج کے مقابلے میں ایک تاریخی اور بہترین حج رہا ہے جس میں پاکستانی عازمین حج کو غیر معمولی خدمات اور سہولیات فراہم کی گئیں۔
منگل کو  مکہ مکرمہ میں پوسٹ حج پریس کانفرنس سے خطاب میں وفاقی وزیر سردار محمد یوسف نے کہا کہ بہترین حج انتظامات پر سعودی  وزارت حج و عمرہ کا ایکسی لینسی ایوارڈ پاکستان کے لیے اعزاز ہے۔
انہوں نے کہا کہ سعودی حکومت نے 88 ہزار تین سو سرکاری حجاج سمیت ایک لاکھ 15 ہزار سے زائد پاکستانی حجاج کی تاریخی مہمان نوازی کی۔
بہترین حج انتظامات پر سعودی وزارت حج و عمرہ نے پاکستان حج مشن کو ایکسی لینسی ایوارڈ سے نوازا ہے اور پاکستان حج مشن ایوارڈ پانے والے سات مشنز میں پہلے نمبر پر آیا۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ سرکاری سکیم کے تحت پاکستانی حجاج کرام کے لیے پیکج کی قیمت خطے کے دیگر ملکوں سے کم اور سہولیات میں زیادہ بہتر رہی، تمام پاکستانی عازمین کو مدینہ منورہ میں مسجدِ نبوی سے قریب ترین تھری اور فائیو سٹارز ہوٹلوں  میں رہائش فراہم کی گئی۔
 انہوں نے کہا کہ کھانے کی فراہمی کے لیے مکہ میں 22 اور مدینہ منورہ میں 13 کیٹرنگ کمپنیوں  کو مسابقتی عمل کے تحت منتخب کیا گیا جبکہ پاکستانی شیف اور باورچیوں کی خدمات حاصل کی گئیں۔
’عازمین حج کو طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے ڈاکٹر وں اور پیرا میڈیکل سٹاف پر مشتمل 400 ماہرین کی خدمات حاصل کی گئیں۔‘
وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے بتایا کہ مشاعر میں پہلی مرتبہ حجاج کی رہائش کے لیے غیر معمولی سہولیات فراہم کی گئیں تھیں، پہلی مرتبہ منیٰ میں ایئرکنڈیشنڈ خیموں کا انتظام کیا گیا تھا۔
’عرفات کے خیموں میں اضافی ایئرکنڈیشنرز، گھاس کے لان، سایہ دار راہداریوں کا بندوبست کیا گیا جبکہ مشاعر میں حجاج کرام کو ڈی کیٹگری میں بھی بی کیٹگری سہولیات فراہم کی گئیں۔‘
سردار محمد یوسف نے مناسک حج کے دوران سعودی ہدایات پر عمل کرنے پر پاکستانی حجاج کرام کا شکریہ ادا کیا۔

 

شیئر: