سعودی ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان سے فرانس اور اٹلی کے رہنماؤں نے خطے کی تازہ ترین پیش رفت پر بات چیت کی ہے۔
سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور فرانس کے صدر ایمانوئل میکخواں نے جمعے کو ٹیلی فون پر رابطے میں ایران پر اسرائیلی حملوں کے اثرات پر تبادلۂ خیال کیا۔
مزید پڑھیں
-
سعودی عرب کی ایران پر اسرائیلی حملے کی مذمتNode ID: 890885
ان حملوں میں فوجی حکام اور سائنسدانوں سمیت 78 افراد ہلاک اور 320 زخمی ہوئے۔ ایران نے بعد میں جوابی کارروائی کرتے ہوئے اسرائیلی شہروں پر میزائلوں اور ہتھیاروں سے لیس ڈرون برسائے، جس سے تباہی ہوئی۔
ایس پی اے کے مطابق اٹلی کی وزیراعظم جارجیا میلونی کے ساتھ ایک الگ فون کال میں دونوں رہنماؤں نے ’کشیدگی کو کم کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کرنے، تحمّل سے کام لینے کی اہمیت، اور تمام تنازعات کو سفارتی ذرائع سے حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔‘
اس سے قبل سعودی ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان اور امریکی ڈونلڈ ٹرمپ نے جمعے کو ٹیلی فون پر رابطہ کیا تھا۔
دونوں رہنماؤں نے مشرق وسطیٰ میں سلامتی، امن اور استحکام کے حصول کے لیے مشترکہ کوششوں کی اہمیت کا اعادہ کیا تھا۔

فرانسیسی صدر ایمانوئل میکخواں نے اعلان کیا تھا کہ حالیہ کشیدگی کی وجہ سے اسرائیل اور فلسطینیوں کے لیے دو ریاستی حل سے متعلق اقوام متحدہ کی کانفرنس ملتوی کر دی گئی ہے۔
فرانس اور سعودی عرب آئندہ ہفتے نیویارک میں اس کانفرنس کی مشترکہ صدارت کرنے کا ارادہ رکھتے تھے۔
صدر میکخواں نے پریس کانفرنس میں کہا کہ ’اگرچہ ہمیں لاجسٹک اور سکیورٹی وجوہات کی بنا پر اس کانفرنس کو ملتوی کرنا پڑ رہا ہے لیکن یہ جلد از جلد منعقد ہو گی۔‘