سعودی خاتون والد کی تدفین میں جاتے ہوئے ٹریفک حادثے میں جان سے گئیں
گاڑی میں ایک خاندان کے افراد سوار تھے، والدین اور چار بچے شامل ہیں(فوٹو: العربیہ)
سعودی عرب میں ایک المناک حادثہ پیش آیا ہے۔ سعودی خاتون اپنے والد کی تدفین میں شرکت کےلیے جاتے ہوئے ٹریفک حادثے میں جان سے گئیں۔
العربیہ کے مطابق حادثہ الرین کمشنری میں ’الرین ، ریاض‘ شاہراہ پر پیش آیا وہاں سے گزرنے والے شہری محمد البجادی نے بتایا گاڑی میں ایک خاندان کے افراد سوار تھے ، والدین اور چار بچے شامل ہیں۔
گاڑی سامنے سے آنے والے ٹرک سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں خاتون موقع پر ہلاک اور ان کا شوہر زخمی ہوگیا۔
شہری محمد البجادی نے حادثے کے بعد گاڑی میں پھنس جانے والے بچوں اور زخمی جوڑے کو نکالنے کی کوشش کی تاہم خاتون زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئیں۔
پانچ سالہ بچی شدید زخمی ہے، اسے ایمبولینس کے ذریعے قریبی صحت مرکز پہنچایا گیا۔
سعودی شہری نے اس وقت تک دوسرے بچوں کی دیکھ بھال کی جب تک ان کے رشتے دار انہیں لینے نہیں آئے۔
مرنے والی خاتون کو ان کے والد کے ساتھ ہی سپرد خاک کردیا گیا۔
