متحدہ عرب امارات کے نیشنل گارڈ کے کوسٹ گارڈ یونٹ نے منگل کو آبنائے ہرمز کے قریب دو بحری جہازوں کے درمیان تصادم کے بعد ایک آئل ٹینکر( ایڈیلن) کے عملے کے 24 ارکان کو بحفاظت نکال لیا۔
وام کے مطابق بحیرہ عمان میں بحری جہازوں میں تصادم کے بعد امارات کے کوسٹ گارڈ نے آئل ٹینکر سے عملے کے ارکان کو منتقل کیا۔
بیان میں کہا گیا کہ ’اماراتی کوسٹ گارڈ نے ملک کے ساحل سے 24 ناٹیکل میل کے فاصلے پر سرچ اینڈ ریسکیو کشتیوں کے ذریعے امدادی کارروائیاں کیں، عملے کو خورفکان بندرگاہ منتقل کیا گیا۔‘
برطانوی میری ٹائم سکیورٹی فرم امبری نے کہا تھا کہ یہ واقعہ سکیورٹی سے متعلق نہیں تھا۔
امریکی انرجی انفارمیشن ایڈمینسٹریشن کے مطابق یہ آبنائے خلیج عرب میں سٹریٹجک بحری راستہ ہے، دنیا کے تیل کا پانچواں حصہ یہاں سے گزرتا ہے۔