پائیداری انڈیکس میں ’کاوسٹ ‘ دنیا کی ٹاپ 100 جامعات میں شامل
مقررہ 17 واں ہدف حاصل کرنے پرعرب دنیا میں پانچواں نمبر حاصل ہوا(فوٹو، ایکس)
شاہ عبداللہ یونیورسٹی برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی’کاوسٹ‘ نے ٹائمز ہائرایجوکیشن پائیداری انڈیکس میں نمایاں پوزیشن حاصل کرلی ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی’ ایس پی اے‘ کے مطابق ’کاوسٹ‘ کو دنیا کی ٹاپ 100 جامعات میں شامل کرلیا گیا ہے جو ایک تاریخی کامیابی ہے۔
صاف پانی اور صفائی کے حوالے سے بھی کاوسٹ نے 14 واں ہدف پورا کرتے ہوئے عالمی سطح پر 20 نمایاں ترین جامعات میں اپنا نام درج کرانے میں کامیابی حاصل کی جبکہ اقوام متحدہ کی جانب سے مقرر کردہ اہداف پائیدار ترقی کے حوالے سے دو اہم اہداف کو پورا کرنے پر ٹاپ 10 یونیورسٹیوں کی فہرست میں بھی شمار کیا گیا۔
شاہ عبداللہ یونیورسٹی برائے سائنس و ٹیکنالوجی ’کاوسٹ‘ کو مقررہ 17 واں ہدف حاصل کرنے پرعرب دنیا میں پانچواں جبکہ مملکت کی تیسری یونیورسٹی کا اعزاز بھی حاصل ہو چکا ہے۔
کاوسٹ کے صدر پروفیسر ایڈورڈ برن کا کہنا تھا کہ ’ پائیداری کاوسٹ کے پیغام کا بنیادی نکتہ ہے جو عالمی چیلنجز سے نمٹنے کےلیے سائنسی بنیادوں پر حل فراہم کرنے کےلیے کوشاں ہے، یونیورسٹی کی شاندار کارکردگی سرکاری اور نجی شعبوں کے ساتھ وسیع تعاون و شراکت داری ہے‘۔
دوسری جانب کاوسٹ کی پروفیسر آنا مارگریڈا کوسٹا نے بہترین جامعات میں شمولیت کو سراہتے ہوئے اسے تعلیمی و تحقیقی امور کے حوالے سے مثالی کامیابی قرار دیا۔