سعودی ولی عہد وزیر اعظم شہزادہ محمد بن سلمان نے اتوار کی خلیج تعاون کونسل (جی سی سی) کے رہنماوں سے ایران پر حملوں کے بعد خطے کی صورتحال پر تبادلۂ خیال کے لیے رابطے کیے ہیں۔
ایس پی اے کے مطابق سعودی ولی عہد نے بحرین کے فرمانروا شاہ حمد بن عیسی آل خلیفہ، سلطنت عمان کے فرمانروا سلطان ہیثم بن طارق، امیر قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی، امیر کویت شیخ مشعل الاحمد الجابر الصباح الگ الگ ٹیلی فونک رابطے کیے۔
جبکہ امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید نے سعودی ولی عہد سے ٹیلی فون پر بات کی۔
خطے کی تازہ ترین صورتحال، ایران پر اسرائیلی حملوں کے اثرات اور امریکہ کی جانب سے ایران کی جوہری تنصیبات کو نشانہ بنائے جانے سے متعلق تبادلۂ خیال کیا گیا۔
جی سی سی ملکوں نے حالیہ کشیدگی کے دوران اتحاد اور یکجہتی پر زور دیا۔ بحران کے حل کے لیے اجتماعی کوششوں کی اہمیت اجاگر کی، تحمل سے کام لینے، کشیدگی سے بچنے اور تمام تنازعات کو سفارتی ذرائع سے حل کرنے کے لیے کوششوں پر زور دیا گیا۔