ابوظبی میں امارات اور پاکستان کے درمیان باہمی سیاسی مشاورت کا دوسرا دور
بات چیت میں دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کے عزم کا اظہار کیا گیا (فوٹو: وزارت خارجہ)
متحدہ عرب امارات اور پاکستان کے درمیان باہمی سیاسی مشاورت کا دوسرا دور ابوظبی میں ہوا۔
بدھ کو وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان کے وفد کی قیادت ایڈیشنل سیکریٹری خارجہ برائے مشرق وسطیٰ شہریار اکبر خان نے کی جبکہ متحدہ عرب امارات کی جانب سے شرکت کرنے والی ٹیم کی سربراہی نائب وزیر برائے سیاسی امور ریم قیطیط نے کی۔
بات چیت کے دوران دونوں ممالک کے درمیان پائے جانے والے تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا اور متعدد شبعوں میں اس تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ بھی کیا گیا۔
اس موقع پر طرفین نے باہمی دلچسپی کے دیگر امور کے علاوہ علاقائی اور عالمی سطح پر ہونے والی تبدیلیوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا اور کثیرالجہتی فورمز پر باہمی تعاون اور بات چیت کے سلسلے کو مزید بڑھانے کا عزم بھی ظاہر کیا۔
قیادت ایڈیشنل سیکریٹری خارجہ برائے مشرق وسطیٰ شہریار اکبر خان نے مشترکہ اقدار، باہمی احترام اور مشترکہ مفادات پر مبنی متحدہ عرب امارات اور پاکستان کے درمیان گہرے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔
اسی طرح وفود میں شامل حکام نے دوطرفہم مثبت انداز میں بڑھتے تعلقات کو سراہتے ہوئے ادارہ جاتی میکنزم کے تحت ہونے والی پیش رفت پر بھی اطمینان کا اظہار کیا، جس میں مشترکہ وزارتی کمیشن اور دوسرے حکام کی ملاقاتیں بھی شامل ہیں۔
باہمی سیاسی مشاورت کا اختتام دونوں طرف سے اس اتفاق پر کیا گیا کہ اعلیٰ سطح پر رابطوں کو برقرار رکھنے کے لیے مشاورت کا اگلا دور اسلام آباد میں ہو گا اور طے شدہ تاریخوں کے مطابق ہی اس کے سیشنز ہوں گے۔