دو لاکھ سے زیادہ نشہ آور گولیاں سمگل کرنے کی کوشش ناکام
’گولیاں میکانی آلات کے اندر نہایت مہارت سے چھپائی گئی تھیں‘ ( فوٹو: سبق)
وزارتِ داخلہ نےکہا ہے کہ سعودی عرب میں دو لاکھ سے زائد نشہ آور گولیوں کی سمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی گئی ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ ’کارروائی شامی سیکیورٹی اداروں کے تعاون سے کی گئی ہے‘۔
وزارت نے واضح کیا ہے کہ یہ کارروائی سعودی عرب کی ان پیشگی کوششوں کا حصہ ہے جو وہ سرحد پار مجرمانہ نیٹ ورکس کا سراغ لگانے کے لیے کر رہا ہے۔
وزارت نے بتایا کہ شامی فریق کے ساتھ معلوماتی اشتراک کے نتیجے میں یہ منشیات ضبط کر لی گئیں، اس سے پہلے کہ وہ سعودی حدود میں داخل ہوتیں۔
ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ یہ گولیاں میکانی آلات کے اندر نہایت مہارت سے چھپائی گئی تھیں تاکہ مقدار کو چھپایا جا سکے اور وہ بغیر پکڑے گزر جائے لیکن مشترکہ سیکیورٹی اقدامات نے اس کوشش کو ناکام بنا دیا۔
وزارتِ داخلہ نے زور دے کر کہا کہ سعودی عرب منشیات کے سمگلروں اور فروخت کرنے والوں کا اندرون ملک اور بیرون ملک پیچھا جاری رکھے گا۔