پاکستان نے اگلے سال حج 2026 کے لیے عازمین کی رجسٹریشن شروع کر دی ہے جو 9 جولائی تک جاری رہے گی۔
جمعے کو وزارت مذہبی امور کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق حج رجسٹریشن کے لیے کوئی فیس ادا نہیں کرنی ہوگی، لیکن قبل از وقت رجسٹریشن کرانا لازمی ہے۔
سرکاری اور نجی دونوں سکیموں کے لیے عازمین حج کی رجسٹریشن کرانا لازمی ہے۔ اس کے علاوہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے بھی رجسٹریشن کرانا لازمی ہے۔
مزید پڑھیں
-
سعودی حکومت حج سہولیات میں مزید اضافہ کرے گی: سعودی سفیرNode ID: 891375
وزارت نے کہا کہ رجسٹریشن کروانے والے درخواست گزار ہی حج 2026 کے اہل تصور ہوں گے۔ اور حج رجسٹریشن ملک بھر میں منظور شدہ 15 بینکوں سے کرائی جا سکتی ہے۔
مزید کہا گیا کہ حج رجسٹریشن کے بعد عازمین سرکاری یا نجی حج سکیم منتخب کر سکیں گے۔ رواں برس پرائیویٹ سکیم سے رہ جانے والے عازمین کے لیے بھی رجسٹریشن لازمی ہو گی۔
حج 2026 کے اخراجات اور دیگر شرائط و ضوابط حج پالیسی کے مطابق الگ سے جاری کیے جائیں گے۔
وزارت مذہبی امور کے مطابق حج رجسٹریشن حکومت سعودی عرب کی ہدایت پر کی جا رہی ہے اور حج رجسٹریشن کے اعداد و شمار سے سعودی حکومت کو آگاہ کیا جائے گا۔ رجسٹریشن کی بنیاد پر حکومت سعودی عرب حج کوٹہ مقرر کرے گی۔
پاکستان کو حج 2025 کے لیے سعودی عرب سے ایک لاکھ 79 ہزار عازمین کا کوٹہ ملا تھا جسے سرکاری اور نجی حج آپریٹرز کے درمیان یکساں طور پر تقسیم کیا گیا تھا۔
نجی کوٹے کا ایک بڑا حصہ ادائیگی اور رجسٹریشن کی آخری تاریخ کو پورا کرنے میں کمپنیوں کی طرف سے تاخیر کی وجہ سے غیر استعمال شدہ رہا۔
گذشتہ ہفتے وزیراعظم شہباز شریف نے وزارت مذہبی امور کو 2026 کے حج کے لیے فوری طور پر تیاریاں شروع کرنے کی ہدایت کی تھی اور ملک کی پرائیویٹ حج سکیم میں فوری اصلاحات کی ہدایت کی تھی۔