موناپولی بورڈ گیم کا ریاض ایڈیشن، ’مسٹر موناپولی‘ بھی نظر آئیں گے
موناپولی بورڈ گیم کا ریاض ایڈیشن، ’مسٹر موناپولی‘ بھی نظر آئیں گے
ہفتہ 28 جون 2025 22:34
90 برس میں اس گیم کے 275 ملین یونٹ فروخت ہو چکے ہیں۔(فوٹو: عرب نیوز)
مشہور موناپولی بورڈ گیم کے ریاض ایڈیشن کا اعلان ایک ایونٹ میں کیا گیا ہے جس میں ’مسٹر موناپولی‘ بھی نظر آئیں گے۔
بورڈ گیم کے نئے ورژن کو جو ستمبر سے فروخت کے لیے دستیاب ہوگا ریاض کو ذہن میں رکھ کر تخلیق کیا گیا ہے۔
گیم کے نئے فیچرز میں کنگ عبداللہ فناشنل ڈسٹرکٹ، سعودی ایئر لائنز، سوق الزال، ’دا سعودی کپ،‘ ’دا ڈپلومیٹک کوارٹر‘، تمیمی مارکیٹس، جازان کافی شاپ، الدرعیۃ کا بوجیری ٹیریس، العلیا سٹریٹ اور کنگ فہد روڈ شامل ہیں۔
بورڈ گیم کے نئے ورژن کو ریاض کو ذہن میں رکھ کر تخلیق کیا گیا ہے (فوٹو: عرب نیوز)
حمد العویشق نے جو سعودی یوتھ سوسائٹی کے چیئرمین اور بانی ہیں اور موناپولی بورڈ گیم کے بنانے والوں کے ثقافتی مشیر بھی ہیں عرب نیوز سے بات کی۔
ان کا کہنا تھا ’ہم نے بورڈ گیم کے ریاض ایڈیشن کو بناتے وقت روایتی اور جدید سنگ ہائے میل کو سامنے رکھا ہے تاکہ ایک کہانی بن سکے۔ چنانچہ جب آپ موناپولی بورڈ پر ہوں گے تو نہ صرف آپ کی معلومات میں اضافہ ہو رہا ہوگا بلکہ آپ کو ریاض شہر کے بارے میں بہت سی دوسری باتیں بھی پتہ چل رہی ہوں گی۔ آپ ان سڑکوں پر چلیں گے جہاں ریاض کے رہنے والے ہفتہ وار یا روزانہ کی بنیاد پر چلتے ہیں۔‘
’موناپولی کے پلیٹ فارم پر ریاض کی نمائندگی کرنا ایک ذمہ داری بھی ہے اور خوشی بھی۔ اس ذمہ داری کےساتھ ہم نے ریاض شہر کی شناخت اور کلچر کو لوگوں تک پہنچانے کے لیے خود کو وقف کر دیا ہے۔‘
گننز ورلڈ ریکارڈ کے مطابق موناپولی تاریخ میں سب سے سب فروخت ہونے والی بورڈ گیم ہے۔ گزشتہ 90 برس میں دنیا بھر میں اس گیم کے 275 ملین یونٹ فروخت ہو چکے ہیں۔
گننز ورلڈ ریکارڈ کے مطابق موناپولی سب فروخت ہونے والی بورڈ گیم ہے (فوٹو: عرب نیوز)
شہزادی نورۃ الفیصل نے جو ایس وائی ایس کی نائب چیئرپرسن ہیں عرب نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا ’ ایک بین الاقوامی برانڈ میں اپنے شہر کی نمائندگی ہوتے دیکھنا بہت دلچسپ ہے۔ اس سے پتہ چلتا ہےکہ ہم اتنا آگے پہنچ چکے ہیں اور عالمی سطح پر ہماری مارکیٹ اتنی اہم ہو چکی ہے کہ موناپولی جیسی برانڈ، اس بورڈ گیم کا ریاض ایڈیشن تخلیق کرے۔ اس کا ایسا کرنا بہت اچھا فیصلہ بھی ہے۔‘
لیئم جونسن جو سعودی عرب کے سعودی کپ کے جوکی کلب کے ڈائریکٹر ہیں کہتے ہیں ’مجھے یاد ہے جب میں چھوٹا تھا تو اپنے دادا اور فیملی کے ساتھ یہ گیم کھیلا کرتا تھا۔ ‘
ان کا کہنا تھا ’اس سے سعودی کپ کا پروفائل بین الاقوامی طور پر بڑھ جائے گا کیونکہ موناپولی گیم میں اس کا ذکر ہے جس کا تعلق صارفین کے ہر گروپ سے ہے۔‘
گیم بورڈ پر الدرعیۃ تین مقامات پر ہے: وادی حنیفہ، الزلال اور البجیری ٹیریس اور یہ تینوں مقامات ریاض کے ایونٹس اور میزبانی کے شعبوں میں بہت اہم حیثیت اختیار کر چکے ہیں۔
اب موناپولی سے ہم خاندانوں اور کمیونیٹیوں کو پھر سے جوڑیں گے (فوٹو: عرب نیوز)
نکولا کوپ نے جو الدرعیۃ میں برانڈ مارکیٹنگ کی ایگزیکٹیو ڈائریکٹر ہیں، عرب نیوز کو بتایا ’مملکت کی جائے پیدائش ہونے اور ملک میں اس کی اہمیت کے پیشِ نظر اس میراث کو اور اس تہذیبی تاریخ کو گیم کے بورڈ پر لانا حقیقی اعزاز ہے۔‘
رٹز کارلٹن کے میزان عالم کے بقول ’کئی برسوں سے ہمارا اعزاز ہے کہ ہم نے ان لمحات کی میزبانی کی ہے جن کی ایک اہمیت ہے۔ ان میں رائل وزٹ سے لے کر عالمی سربراہی کانفرنسوں تک اور شادیوں سے خاموش ویک اینڈز تک اور یہ سب کچھ اسی شہر ریاض میں ہوا ہے۔ اب موناپولی سے ہم خاندانوں اور کمیونیٹیوں کو پھر سے جوڑیں گے۔ یہ حقیقیت کہ ہم خوشی کی یادیں تخلیق کر سکتے ہیں جو ہماری دیواروں سے آگے نکل سکتی ہیں، یہ تو بہت سپیشل بات ہوگی۔‘
گیم بورڈ پر الدرعیۃ تین مقامات پر ہے: وادی حنیفہ، الزلال اور البجیری ٹیریس (فوٹو: ایکس اکاونٹ)
کنگ عبداللہ فناشل ڈسٹرکٹ کا، جس میں 95 عمارتیں ہیں اور جہاں 20 ہزار سے زیادہ افراد کام کرتے ہیں (ان میں وہاں کے رہائشی اور روز آنے جانے والے لوگ شامل نہیں)، بورڈ گیم میں آنا مرکزی حیثیت کا حامل ہے۔
مزروع المزروع نے جو کنگ عبداللہ فنانشل ڈسٹرکٹ کے مارکیٹنگ اور ایکسپیریئنس افسر ہیں، عرب نیوز کو بتایا کہ ’ہم سب موناپولی کھیلتے ہوئے بڑے ہوئے ہیں۔ ہم اس گیم کو سمجھتے ہیں۔ یہ حکمتِ عملی کی گیم ہے، اس میں مسابقت ہے اور یہ ریئل اسٹیٹ کے گرد گھومتی ہے۔ آج کنگ عبداللہ فنانشل ڈسٹرکٹ انھیں خوبیوں کا مظہر ہے۔ یہ صرف مثالی کاروباری ڈسٹرکٹ نہیں، یہ سعودی عرب کا پہلا شہری آبادیوں کا ڈسٹرکٹ ہے جو ایک لائف سٹائل ہے۔‘
’موناپولی کے ریاض ایڈیشن میں اس ڈسٹرکٹ کا آنا بالکل قابلِ فہم ہے۔ یہ حکمتِ عملی پر مبنی کھیل اور ایک ایسے ڈسٹرکٹ کے درمیان ایک ملاپ ہے جو روزانہ وہی کام کرتا ہے جو موناپولی کی بورڈ گیم کرتی ہے۔