Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اسرائیلی فوج کے حملوں میں غزہ میں بچوں سمیت 17 افراد مارے گئے

بصل نے بتایا کہ دو بچے صبح سویرے غزہ شہر کے زیتون محلے میں ایک گھر پر فضائی حملے میں ہلاک ہو گئے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
غزہ کی سول ڈیفنس ایجنسی کا کہنا ہے کہ اتوار کو جنگ زدہ فلسطینی علاقے میں اسرائیلی فضائی حملوں اور فائرنگ کے نتیجے میں کم از کم 17 افراد مارے گئے، جن میں تین بچے بھی شامل ہیں۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق سول ڈیفنس کے ترجمان محمود بصل نے بتایا کہ غزہ کے پانچ مختلف مقامات پر فضائی حملوں میں 16 افراد ہلاک ہوئے، جبکہ ایک اور شخص اسرائیلی فائرنگ کا نشانہ بنا جو امدادی مرکز کے قریب موجود تھا۔
اسرائیلی فوج نے ان واقعات پر تبصرہ کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ’حماس کی فوجی صلاحیتوں کو ختم کرنے‘ کے لیے مہم چلا رہی ہے، جو 2023 میں شروع ہوئی تھی۔
غزہ میں میڈیا پر پابندیاں اور بعض علاقوں تک رسائی میں مشکلات کی وجہ سے اے ایف پی (AFP) آزادانہ طور پر ہلاکتوں اور دیگر تفصیلات کی تصدیق نہیں کر سکی۔
بصل نے بتایا کہ دو بچے صبح سویرے غزہ شہر کے زیتون محلے میں ایک گھر پر فضائی حملے میں ہلاک ہو گئے جس میں گھر مکمل طور پر تباہ ہو گیا۔
خاندان کے ایک رکن عبد الرحمن عزام نے بتایا کہ ’میں اپنے گھر میں تھا جب رشتہ دار کے گھر میں زور دار دھماکہ سنا۔‘
’میں خوفزدہ ہو کر باہر نکلا اور دیکھا کہ گھر تباہ ہو چکا تھا اور آگ لگی ہوئی تھی۔‘
’ہم نے 20 سے زائد زخمیوں کو نکالا، جن میں دو شہید بھی تھے، خاندان کے دو بچے۔ بچوں اور خواتین کی چیخ و پکار رکنے کا نام نہیں لے رہی تھی۔‘
ان کا کہنا تھا کہ اسرائیلی فوج نے بغیر کسی پیشگی وارننگ کے گھر پر میزائل داغا۔ یہ ایک ہولناک جرم ہے۔ ’ہم سوتے ہیں اور نہیں جانتے کہ اگلی صبح زندہ جاگیں گے یا نہیں۔‘
دوسری جانب، بصل نے بتایا کہ جنوبی شہر خان یونس کے قریب بے گھر افراد کے کیمپ پر ڈرون حملے میں پانچ افراد مارے گئے، جن میں ایک بچہ بھی شامل ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ دیگر متاثرین میں ایک نوجوان بھی شامل ہے، جو آج صبح امداد کا انتظار کر رہا تھا جب وہ جنوبی شہر رفح میں ایک امدادی مرکز کے قریب اسرائیلی فائرنگ کا نشانہ بنا۔
اتوار کے روز اسرائیلی فوج نے غزہ شہر اور قریبی شمالی علاقوں کے لیے انخلا کا نیا حکم جاری کیا، اور وہاں ’فوری کارروائی‘ کی وارننگ دی۔
فوجی ترجمان اویخای آدرعی نے ایک بیان میں کہا کہ ’فوج ان علاقوں میں بھرپور طاقت کے ساتھ کارروائی کرے گی، اور ان فوجی آپریشنز میں شدت اور وسعت آئے گی... تاکہ دہشت گرد تنظیموں کی صلاحیتوں کو ختم کیا جا سکے۔‘
انہوں نے رہائشیوں کو ہدایت کی کہ وہ فوری طور پر جنوب کی طرف، ساحلی علاقے الماویسی میں منتقل ہو جائیں۔
بعد ازاں سول ڈیفنس ایجنسی نے کہا کہ اسرائیلی فضائی حملے میں غزہ شہر کے ایک گھر کو نشانہ بنایا گیا، جس میں تین افراد ہلاک ہو گئے۔

شیئر: