برطانیہ کی نائب وزیرِ اعظم انجیلا رینر سے رابطہ عالم اسلامی کے سیکرٹری جنرل اور چیئرمین مسلم علما کونسل شیخ ڈاکٹر محمد العیسی نے ملاقات کی ہے۔
ملاقات کے دوران برطانیہ میں سماجی ہم آہنگی کے فروغ، اسلاموفوبیا کے انسداد اور نفرت انگیز تقاریر کے خلاف جاری کوششوں سے متعلق اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
مزید پڑھیں
اس موقع پر اقوام متحدہ کے نیویارک ہیڈکوارٹر میں اسلامو فوبیا کے خلاف عالمی دن پر شیخ ڈاکٹر محمد العیسی کے اہم خطاب کا بھی ذکر ہوا۔
علاوہ ازیں لندن میں اسلامک سینٹر نے شیخ ڈاکٹر محمد العیسی اور برطانیہ کے اسلامی رہنماؤں کے درمیان ایک اجلاس کی میزبانی کی۔
اجلاس میں انتہا پسند عناصر کی جانب سے اشتعال انگیزی کے پیش نظر مسلم کمیونٹی کی رہنمائی کےلیے حکمت کی ضرورت پر بات کی گئی اور تحمل سے جواب دینے کی اہمیت پر زور دیا گیا۔
ڈاکٹر محمد العیسی نے اسلامی فتاوی اورعوامی مذہبی رہنمائی کے لیے متحدہ مذہبی اتھارٹی کے قیام کی اہمیت کو اجاگر کیا خاص طور پر ان اجتماعی معاملات میں جو پورے مسلم معاشرے کو متاثر کرتے ہیں۔

ڈاکٹر العیسی نے مسلم نوجوانوں کو انتہا پسند نظریات سے بچانے پرزور دیا۔ خاندان کے کردارکو مدنظر رکھتے ہوئے متوازن مذہبی تعلیم کی اہمیت، کوالیفائڈ ٹیچرز، خطبات اور لیکچرز جیسے پلیٹ فارم کے موثر استعمال پر بات کی۔
انہوں نے برطانوی مسلم کمیونٹی کی بیداری اور عزم کی تعریف کی اور اسے متنوع معاشرے میں اسلامی اقدار کی ایک مثبت مثال قرار دیا۔