سعودی عرب کی الاحسا کمشنری کے مزارعین اپنی کھجور کی فصل کو منڈیوں میں لانے کی تیاریاں کر رہے ہیں۔
علاقے کی مشہور ’رطب‘ کی طلب مملکت میں بہت زیادہ ہے جس کی کٹائی 20 مئی کے بعد مرحلہ وار شروع کی جاتی ہے اور جولائی کے نصف تک مکمل کر لی جاتی ہے۔
ایس پی اے کے مطابق موسم گرما کا عروج کھجور کی فصل کو پکانے کے لیے انتہائی اہم ہوتا ہے جوں جوں گرمی بڑھتی ہے کھجور کی فصل تیزی سے تیار ہونا شروع ہو جاتی ہے۔
الاحسا ریجن میں 20 اقسام کی رطب (کچی کھجور) مشہور ہیں جن کی طلب مارکیٹ میں زیادہ ہے۔
مزید پڑھیں
-
سعودی کھجوروں کی برآمدات 1 ارب ریال سے زیادہ ہو گئیNode ID: 888461
وزارت زراعت و ماحولیات کا کہنا ہے کہ الاحسا میں کھجور اتارنے کا موسم شروع ہو چکا ہے توقع ہے کہ اس سال کھجور کی فصل اچھی ہو گی۔
علاقے کی معروف رطب الطیار کو 20 سے 30 مئی تک اتارا جاتا ہے جبکہ ’رطب مجناز اس کے بعد ہے جو 25 سے 30 مئی تک تیار ہو جاتی ہےن بعدازاں ’رطب الغر‘ کو یکم جون سے 10 جون تک اتارا جاتا ہے۔
الخنیزی رطب کی فصل 20 جون تک پک جاتی ہے اور رطب الشیشی 25 سے 30 جون جبکہ رطب الخلاص 10 سے 20 جولائی تک اتاری جاتی ہے۔
وزارت زراعت کا مزید کہنا تھا تاخیر سے اتاری جانے والی رطب جولائی کے آغاز سے اگست کے وسط تک تیار ہوتی ہیں جن میں ’رطب ام رحیم ‘ اور رطب ھلالی کی فصل نصف اگست تک تیار ہو جاتی ہیں۔

کھجوروں میں ’شیش‘ نامی کھجور کو 15 سے 25 اگست کے درمیان اتارا جاتا ہے جبکہ ’خلاص کھجور‘ کو 15 سے 25 ستمبر اور رزبز نامی کجھور یکم سے 5 اکتوبر کے مابین اتاری جاتی ہے۔
واضح رہے الاحسا کمشنری کے نخلستان دنیا بھر میں سب سے بڑے ہیں جہاں 20 لاکھ کے قریب کھجوروں کے درخت ہیں جن سے سالانہ 120 ہزار ٹن کھجوریں کاشت کی جاتی ہیں۔
یہ نخلستان یونیسکو کے عالمی ورثے میں دنیا کے سب سے بڑے نخلستان کے طورپر درج ہیں جہاں 20 اقسام کی معروف کھجوروں کی کاشت کی جاتی ہے۔