اہم نکات
-
لاہور سمیت صوبے کے دیگر شہروں میں زلزلے کے جھٹکے
-
مون سون بارشوں سے ملک بھر میں 57 ہلاک، 99 زخمی
-
پاکستان سٹاک مارکیٹ میں نئے مالی سال کے آغاز پر تاریخی تیزی کا رجحان
-
پاکستان نے جولائی کے لیے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی صدارت سنبھال لی
وزیراعظم شہباز شریف نے نیشنل ایمرجینسیز آپریشنز سینٹر (این ڈی ایم اے) کے دورے کے دوران اپنے خطاب میں کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کو مدنظر رکھتے ہوئے انفراسٹرکچر کی تعمیر ضروری ہے۔
خطاب میں وزیراعظم نے مون سون کی بارشوں کے دوران ہونے والی ہلاکتوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ سوات کے افسوسناک واقعے میں قیمتی جانیں ضائع ہوئیں، سیاست سے بالاتر ہو کر صورتحال کا ایمانداری سے جائزہ لینا چاہیے۔
انہوں نے این ڈی ایم اے کو سوات واقعے کے تناظر میں رپورٹ مرتب کرنے کی ہدایت کی۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ایسے واقعات کی مکمل روک تھام کے لیے حکمت عملی ترتیب دی جائے اور این ڈی ایم اے صوبوں کے ساتھ مل کر لائحہ عمل تشکیل دے۔
انہوں نے مزید کہا غیر متنازع آبی ذخائر کی تعمیر کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کریں گے، اپنے وسائل سے دیامیر بھاشا اور دیگر منصوبے مکمل کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔
قیدیوں کی فہرست کا تبادلہ، انڈین جیلوں میں ماہی گیروں سمیت 463 پاکستانی قید
پاکستان اور انڈیا کے درمیان ایک دوسرے کی جیلوں میں بند قیدیوں کی فہرست کا تبادلہ ہوا ہے۔
دفتر خارجہ کے مطابق منگل کو حکومت پاکستان نے 246 انڈین یا ممکنہ انڈین قیدیوں کی فہرست اسلام آباد میں انڈین ہائی کمیشن کے نمائندے کے حوالے کی۔
ان قیدیوں میں 53 عام شہری جبکہ 193 ماہی گیر شامل ہیں۔
جبکہ انڈین حکومت نے 463 پاکستانی یا ممکنہ پاکستانی قیدیوں کی فہرست نیو دہلی میں پاکستان ہائی کمیشن کے نمائندے کے حوالے کی۔
ان قیدیوں کی فہرست میں 382 شہری جبکہ 81 ماہی گیر شامل ہیں۔
حکومت پاکستان نے انڈین حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ سزا کی مدت مکمل کرنے والے پاکستانی قیدیوں کی رہائی اور واپسی کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔
قیدیوں کی فہرست کا تبادلہ ہر سال یکم جنوری اور یکم جولائی کو 2008 کے قونصلر رسائی کے معاہدے کے تحت کیا جاتا ہے۔
پشاور ہائیکورٹ نے مخصوص نشستوں پر منتخب ارکان کو حلف لینے سے روک دیا
پشاور ہائیکورٹ نے صوبائی اسمبلی کی مخصوص نشستوں پر منتخب ارکان کو آئندہ سماعت حلف لینے سے روک دیا ہے۔
منگل کو پشاور ہائیکورٹ کے جسٹس ارشد علی اور خورشید اقبال نے خیبرپختونخوا اسمبلی میں مخصوص نشستوں کی تقسیم کے معاملے پر پی ٹی آئی پارلیمنٹیرینز کی جانب سے دائر درخواست پر سماعت کی۔
وکیل درخواست گزار نے عدالت کو اپنے دلائل میں بتایا کہ پی ٹی آئی پی ایک سیاسی جماعت ہے جو الیکشن کمیشن کے ساتھ رجسٹرڈ ہے جبکہ جنرل الیکشن میں ارباب وسیم خان اور محمد اقبال خان دو ممبران اسمبلی منتخب ہوئے ہیں۔
وکیل درخواست گزار نے عدالت کو مزید بتایا کہ پی ٹی آئی پی نے خواتین اور اقلیتوں کی مخصوص نشستوں کی لسٹ جمع کی تھی لہٰذا آئین اور قانون کے مطابق پی ٹی آئی پی 2 مزید نشستوں کی حقدار ہے۔
وکیل نے عدالت سے درخواست کی کہ ارکان کو حلف لینے سے روکا جائے جس پر عدالت نے سپیکر اور الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کرتے ہوئے آئندہ سماعت تک مخصوص نشستوں پر حلف لینے سے روک دیا ہے۔
واضح رہے کہ سپریم کورٹ کے مخصوص نشستوں سے متعلق فیصلے کے بعد خیبرپختونخوا اسمبلی میں خواتین کی 21 اور اقلیتوں کی چار مخصوص نشستیں بحال ہوئی ہیں، جس میں جے یو آئی کو 9، ن لیگ کو 7، پیپلز پارٹی کو 6 اور پی ٹی آئی پی کو 2 اور اے این پی کو ایک مخصوص نشست ملنے کا امکان ہے۔
سردار فہیم قتل کیس میں دو ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا، آئی جی اسلام آباد
آئی جی اسلام آباد علی ناصر رضوی نے کہا ہے کہ تجزیہ کار سردار فہیم قتل کیس میں دو ملزمان کو گوجرانوالہ اور سرگودھا سے گرفتار کر لیا گیا ہے۔
منگل کو وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب میں آئی جی ناصر رضوی نے کہا کہ اسلام آباد میں 25 جون کی رات کو پیش آنے والا یہ واقعہ پولیس کے لیے بھی ٹیسٹ کیس تھا۔
انہوں نے بتایا کہ ملزمان عادی مجرم تھے جو ڈکیتی کی نیت سے گھر میں داخل ہوئے تھے، دونوں ملزمان کو گجرانوالہ اور سرگودھا میں ریڈ کر کے گرفتار کیا گیا ہے۔
آئی جی نے مزید بتایا کہ دونوں سے اسلحہ بھی برآمد کیا گیا ہے جبکہ ان میں سے ایک عادی مجرم ہے جو 25 سے زیادہ وارداتیں کر چکا ہے اور اس پر متعدد ایف آئی آرز درج ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ملزمان نے راڈ سے سردار فہیم پر وار کیے اور متعدد بار انہیں تشدد کا نشانہ بنایا۔
آئی جی ناصر رضوی نے کہا کہ اس کیس کو تمام زاویوں سے دیکھا گیا ہے کہ کیا یہ ڈکیتی تھی یا دشمنی، اس کے لیے 11 ٹیمیں تشکیل دیں، اور 6 دن میں کیس کو مکمل کیا۔
پاکستان سٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی، مالی سال کے آغاز پر انڈیکس بلند ترین سطح پر
پاکستان سٹاک ایکسچینج میں نئے مالی سال کے آغاز پر زبردست تیزی کا رجحان دیکھنے کو مل رہا ہے۔
کاروباری ہفتے کے دوسرے روز منگل کو کے ایس ای-100 انڈیکس میں دو ہزار 404 پوائنٹس کا زبردست اضافہ دیکھا گیا، جس کے بعد انڈیکس 1,28,031 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا۔
یہ اضافہ 1.87 فیصد بڑھوتری کو ظاہر کرتا ہے جس کے متعلق ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ سرمایہ کاروں کے مثبت رجحان اور مارکیٹ پر اعتماد کو ظاہر کرتا ہے۔
اے پی پی کے مطابق ایک روز قبل، پیر کو مالی سال 2024-25 کے اختتام پر بھی مارکیٹ نے زبردست تیزی کے ساتھ کاروباری دن کا اختتام ہوا۔ پیر کو کے ایس ای-100 انڈیکس میں 1248.25 پوائنٹس یعنی 1 فیصد کا اضافہ ہوا، اور انڈیکس 1,25,627.31 پوائنٹس پر بند ہوا، جو مارکیٹ کی تاریخ کی بلند ترین سطح ہے۔
مستونگ میں سرکاری دفاتر اور بینکوں پر حملے، ایک ہلاک سات زخمی
کوئٹہ سے متصل بلوچستان کے ضلع مستونگ میں درجنوں مسلح عسکریت پسندوں نے شہر میں داخل ہو کر سرکاری دفاتر اور بینکوں پر حملہ کر کے آگ لگا دی جس کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک اور سات زخمی ہوئے ہیں۔
حکام نے دو حملہ آوروں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ مسلح افراد نے تحصیل دفتر، تین بینکوں ، گاڑیوں اور دیگر سرکاری املاک کو نذر آتش کیا۔
پولیس کے مطابق منگل کی صبح تقریباً 11 بجے جدید اسلحے سے لیس درجنوں مسلح افراد شہر میں داخل ہوئے اور شہر کے وسط میں واقع پولیس تھانے، تحصیل دفتر اور اس سے ملحقہ دو نجی بینکوں اور ایک سرکاری بینک پر حملہ کر دیا۔
ڈی ایس پی مستونگ یونس مگسی نے اردونیوز کو بتایا کہ مسلح افراد نے پولیس تھانے پر راکٹ داغا جو تھانے کے قریب ایک دکان میں لگا جس سے 14 سالہ لڑکا ہلاک ہو گیا۔ مسلح افراد دستی بم پھینکتے ہوئے تحصیل دفتر میں داخل ہوئے اور اسے آگ لگا دی جبکہ ریکارڈ کو بھی نقصان پہنچایا۔
مزید تفصیل کے لیے اس لنک پر کلک کریں
لاہور سمیت پنجاب کے کئی شہروں میں زلزلے کے جھٹکے، شدت 4.4
صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور سمیت قصور، اوکاڑہ، ننکانہ، شیخوپورہ سمیت دیگر شہروں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔
پاکستان میٹرولوجیکل ڈیپارٹمنٹ کے مطابق زلزلے کی شدت 4.4 ریکارڈ کی گئی ہے، گہرائی 14 کلومیٹر تھی جبکہ اس کا مرکز جنوب مغرب لاہور تھا۔
پنجاب کے دیگر شہروں مریدکے، کامونکی، گوجرانوالہ میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔
مون سون بارشوں سے ملک بھر میں 57 ہلاکتیں، 5 جولائی تک سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ
این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ مون سون کی بارشوں کے باعث 26 جون سے ملک بھر میں کم از کم 57 افراد ہلاک جبکہ 99 زخمی ہوئے ہیں۔
این ڈی ایم نے جاری اعلامیے میں 5 جولائی تک مزید بارشوں، سیلاب اور لینڈ سلائیڈز کے امکانات کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مر طوب رہنے کی توقع ہے جبکہ کشمیر، اسلام آباد، بالائی پنجاب اور خیبر پختونخوا میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ اس دوران بعض مقاما ت پر موسلادھاربارش کی پیشگوئی ہے۔
مری، گلیات، راولپنڈی، جہلم، اٹک، چکوال، گجرات، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، نارووال، منڈی بہاؤالدین، حافظ آباد، لاہور، ملتان اور بھک رمیں چند مقاما ت پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ بعض مقامات پر موسلادھار بارش کا بھی امکان ہے۔ صوبہ کے دیگر اضلاع میں موسم گرم اور مر طوب رہے گا۔
پاکستان نے جولائی کے لیے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی صدارت سنبھال لی
پاکستان نے جولائی 2025 کے مہینے کے لیے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی صدارت سنبھال لی ہے۔
دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان یہ ذمہ داری گہرے مقصد اور یقین کے ساتھ نبھانے جا رہا ہے، ہمارا نقطہ نظر اقوام متحدہ کے چارٹر کے مقاصد اور اصولوں، بین الاقوامی قانون کے احترام پر مبنی رہے گا۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اپنے دور صدارت کے دوران، پاکستان ٹھوس اور عمل پر مبنی بات چیت کو فروغ دے گا۔ ایجنڈے کے تمام آئٹمز میں جامع شمولیت کو یقینی بنایا جائے گا اور تعمیری مکالمے کو فروغ دیا جائے گا۔ پاکستان سلامتی کونسل اور اقوام متحدہ کی وسیع تر رکنیت کے درمیان ایک پل کے طور پر کام کرنے کے لیے پرعزم ہے، اس یقین سے رہنمائی کرتا ہے کہ بین الاقوامی امن اور سلامتی کو برقرار رکھنا مشترکہ ذمہ داری ہے۔
پاکستان کا سلامتی کونسل سے غزہ میں اسرائیلی مظالم کے خاتمے کے لیے فوری اقدامات کا مطالبہ
پاکستان نے سلامتی کونسل سے غزہ میں اسرائیلی مظالم کے خاتمے کے لیے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔
ریڈیو پاکستان کے مطابق اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب سفیر عاصم افتخار احمد نے بریفنگ کے دوران کہا کہ اسرائیل غزہ اور مغربی کنارے میں تمام فوجی کارروائیاں فوری طور پر بند کرے۔
نہوں نے کہا کہ غزہ میں مستقل جنگ بندی بلا تاخیر قائم کی جائے اور انسانی امداد پر عائد تمام پابندیاں مکمل طور پر ختم کی جائیں۔