انسٹاگرام پر وائرل یہ ہانیہ عامر کی ہمشکل کون ہیں؟
منگل 1 جولائی 2025 10:46
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
بشریٰ میمن نے ایک ویڈیو اپلوڈ کی جس میں ان کی شادی کی بات پکی ہونے کی تقریب منعقد ہو رہی ہے۔ (فوٹو: بشریٰ میمن، انسٹاگرام)
پاکستان کی معروف اداکارہ ہانیہ عامر آئے دن خبروں اور سوشل میڈیا ٹرینڈز کا حصہ بنتی ہیں۔
حال ہی میں ہانیہ عامر کے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر چرچے ہیں اور اس کی وجہ صرف ان کی دلجیت دوسانجھ کے ساتھ فلم سردار جی تھری ہی نہیں بلکہ ان کی ایک ہمشکل بھی ہیں۔
انسٹاگرام پر ایک ویڈیو تیزی سے وائرل ہو رہی ہے جس میں ایک لڑکی کو ہانیہ عامر کا ’ڈپلیکیٹ‘ قرار دیا جا رہا ہے۔ یہ ویڈیو ’بشریٰ میمن‘ نامی کراچی کی رہائشی نوجوان انفلوئنسر کی منگنی کی تقریب کی ہے۔
بشریٰ میمن ایک ولاگر ہیں جن کے انسٹاگرام پر 40 ہزار سے زائد فالوورز ہیں، اور انہیں فالو کرنے والوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔
بشریٰ کی وائرل ویڈیو میں ان کا انداز، چہرے کے نقوش اور تاثرات اس قدر ہانیہ عامر سے ملتے جلتے ہیں کہ سوشل میڈیا صارفین بھی حیران ہیں۔ کئی افراد نے کہا کہ پہلی نظر میں انہیں لگا کہ یہ ویڈیو خود ہانیہ عامر کی ہے۔
مداحوں نے دونوں شخصیات کا موازنہ کرتے ہوئے دلچسپ تبصرے بھی کیے۔ ایک صارف نے لکھا ’مجھے لگا یہ ہانیہ عامر ہیں‘، اور کسی نے لکھا ’مجھے لگا ہانیہ عامر کی بات پکی ہو گئی ہے۔‘

بشریٰ میمن کی متعدد تصاویر پر ان کے فالوورز ایک ہی کمنٹ کرتے دکھائی دیتے ہیں جس میں وہ ان کی ہانیہ سے مماصلت کا ذکر کر رہے ہیں، جیسے کہ یہاں ایک صارف نے لکھا ’آپ ہانیہ کا اپ ڈیٹڈ ورژن ہیں۔‘

اکثر صارفین نے یہ بھی کہا کہ آپ کا انداز بھی ہانیہ عامر جیسا معلوم ہوتا ہے اور کچھ نے تو انہیں ہانیہ سے بھی بہتر کہا۔

ہانیہ عامر کا شمار ان اداکاراؤں میں ہوتا ہے جنہوں نے کم وقت میں بے پناہ شہرت حاصل کی۔ اپنی معصوم مسکراہٹ، شوخ طبیعت اور باکمال اداکاری کی بدولت وہ پاکستان سمیت سرحد پار بھی مشہور ہو چکی ہیں۔
مشہور پاکستانی ڈراموں اور فلموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھانے والی ہانیہ اب بڑے پردے پر بھی مستقل نظر آ رہی ہیں۔ شاید یہی وجہ ہے کہ کسی خاتون کی ان سے مشابہت بھی سوشل میڈیا پر اہم موضوع بن جاتا ہے۔
