پنجابی گلوکار و اداکار دلجیت دوسانجھ، نیرو باجوہ اور پاکستانی اداکارہ ہانیہ عامر کی فلم ’سردار جی تھری‘ آج پاکستان سمیت دنیا بھر میں ریلیز ہونے جا رہی ہے۔
یہ فلم پہلے ہی پاکستان اور انڈیا کے تعلقات کے باعث تنازع کا شکار ہے اور انڈیا میں اس کو ریلیز نہ کیے جانے کی وجہ فلم میں پاکستانی اداکارہ ہانیہ عامر کی کاسٹنگ ہے۔
ٹائمز آف انڈیا کے مطابق فلم کی ریلیز سے ایک روز قبل مداحوں نے دیکھا کہ فلم کی اداکارہ نیرو باجوہ نے انسٹاگرام سے ’سردار جی 3‘ سے متعلق تمام پوسٹس ڈیلیٹ کر دی ہیں۔
مزید پڑھیں
نییرو باجوہ کے اس اقدام کے بعد انٹرنیٹ پر چہ مگوئیاں شروع ہوئیں کہ اداکارہ خاموشی سے خود کو اس فلم سے دور کر رہی ہیں؟
یہ سلسلہ اس وقت شروع ہوا جب سوشل میڈیا پلیٹ فارم ریڈٹ پر صارف نے انسٹاگرام پیج ’لالی ووڈ سپیس‘ کی ایک پوسٹ شیئر کی جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ نیرو باجوہ نے نہ صرف فلم سے متعلق تمام پوسٹس ہٹائیں بلکہ مبینہ طور پر ہانیہ عامر اور دلجیت دوسانجھ کو انسٹاگرام پر ان فالو بھی کر دیا ہے۔
انڈین میڈیا کی جانب سے اس دعوے کی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں کی۔ البتہ دلجیت دوسانجھ اب بھی نیرو باجوہ کی فالوونگ لسٹ میں موجود ہیں، یعنی اداکارہ نے ان کو ان فالو نہیں کیا۔
دوسری جانب ہانیہ عامر نیرو باجوہ کی فالوونگ لسٹ میں موجود نہیں ہیں اور اس بات کی تصدیق کرنا بھی مشکل ہے کہ آیا وہ ہانیہ عامر کو فالو کر بھی رہیں تھی یا نہیں۔
نیرو کی تازہ ترین انسٹاگرام پوسٹ اب ان کی اگلی فلم 'سن آف سردار 2' کا ٹیزر ہے، جبکہ ان کی انسٹاگرام پروفائل پر 'سردار جی 3' کا کوئی ذکر موجود نہیں۔
دلجیت دوسانجھ اور نیرو باجوہ کا موقف
نیرو باجوہ نے تاحال اس تنازع پر کوئی گفتگو نہیں کی مگر دلجیت دوسانجھ یہ موقف اپنا چکے ہیں کہ اس فلم کی شوٹنگ انڈیا اور پاکستان تنازع سے پہلے ہوئی تھی۔
حال ہی میں سوشل میڈیا پر وائرل ایک انٹرویو میں دلجیت دوسانجھ یہ بھی کہہ چکے ہیں کہ فلم کے انڈیا میں ریلز نہ ہونے سے نقصان ہوگا۔
فلم کے خلاف اٹھنے والی آوازیں
اس سے قبل انڈیا کی فلمی تنظیم ’فیڈریشن آف ویسٹرن انڈیا سینی ایمپلائز (ایف ڈبلیو آئی سی ای) نے نہ صرف ناراضی ظاہر کی تھی بلکہ انڈین حکومت سے دلجیت دوسانجھ کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ بھی کیا تھا۔
ایف ڈبلیو آئی سی ای نے اسے ’ملک دشمن اقدام‘ قرار دیتے ہوئے انڈین حکومت اور وزیرِاعظم نریندر مودی سے مطالبہ کیا تھا کہ دلجیت دوسانجھ، فلم کے پروڈیوسرز گنبیر سنگھ سدھو، منموڈ سدھو، اور ہدایت کار امر ہنڈال کے پاسپورٹس منسوخ کیے جائیں اور ان کی انڈین شہریت کے اختیارات ختم کیے جائیں۔
اس کے علاوہ آل انڈین سینی ورکرز ایسوسی ایشن (اے آئی سی ڈبلیو اے) نے بھی دلجیت دوسانجھ کے خلاف سخت مؤقف اختیار کرتے ہوئے انڈیا کے وزیراعظم نریندر مودی کو ایک باقاعدہ خط ارسال کیا ہے۔
All Indian Cine Workers Association ( AICWA) has officially written to Honourable Prime Minister Shri Narendra Modi ji objecting to producer, singer & actor Diljit Dosanjh casting Pakistani Terrorist Country actress Hania Aamir in Sardar Ji 3 movie, despite 26 Indians being… pic.twitter.com/93xMhojraU
— All Indian Cine Workers Association (@AICWAOfficial) June 25, 2025
اے آئی سی ڈبلیو اے نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنا خط پوسٹ کیا، جس میں دلجیت پر غیر حساس رویہ اختیار کرنے کا الزام لگایا گیا ہے۔