Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی ولی عہد نے جدہ میں انڈونیشیا کے صدر کا خیرمقدم کیا

سعودی ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان نے بدھ کو جدہ کے قصر السلام میں انڈونیشیا کے صدر پرابو سوبیانتو کا خیرمقدم کیا ہے۔
ایس پی اے کے مطابق انڈونیشیا کے صدر قصرالسلام  پہنچے تو سرکاری استقبالیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
بعد ازاں دونوں رہنماوں نے باضابطہ ملاقات میں دونوں ملکوں کے تعلقات اور تعاون کے پہلووں کا جائزہ لیا۔
مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون اور اسے فروغ دینے کے طریقوں کے علاوہ علاقائی اور بین الاقوامی صورتحال اور اس حوالے سے کی جانے والی کوششیں، مشترکہ دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
بعد ازاں سعودی ولی عہد اور انڈونیشیا کے صدر نے سعودی، انڈونیشی سپریم کو آرڈینیشن کونسل کے پہلے اجلاس کی صدارت کی۔
کونسل کے ارکان کی موجودگی میں ایجنڈے کے موضوعات کا جائزہ لیا، اجلاس کے اختتام پر سعودی ولی عہد اور انڈونیشیا کے صدر نے کونسل کے منٹس پر دستخط کیے۔
عرب نیوز کے مطانق سعودی عرب اور انڈونیشیا نے نجی شعبے کے اداروں کے درمیان صاف توانائی اور پٹروکیمکل سمیت متعدد شعبوں میں تقریبا 27 ارب ڈالر کے متعدد معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے ہیں۔


سعودی، انڈونیشی سپریم کو آرڈینیشن کونسل کے اجلاس کی صدارت کی(فوٹو: ایس پی اے)

سعودی وزیرتوانائی شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان، مکہ ریجن کے نائب گورنر شہزادہ سعود بن مشعل بن عبدالعزیز، وزیر مملکت اور کابینہ کے رکن شہزادہ ترکی بن محمد فہد بن عبدالعزیز، وزیر سپورٹس شہزادہ عبدالعزیز بن ترکی بن فیصل بن عبدالعزیز، وزیرداخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود بن نایف، نیشنل گارڈ کے وزیر شہزادہ عبداللہ بن بندر بن عبدالعزیز، وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان، وزیرخارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان اور دیگر وزرا اور عہدیدار موجود تھے۔
یاد رہے انڈونیشیا کے صدر پرابو سوبیانتو کا عہدہ سنبھالنے کے بعد یہ پہلا دورہ سعودی عرب ہے۔

شیئر: