Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

صوبہ پنجاب میں 5 سے 10 جولائی تک مون سون بارشوں کی پیشگوئی، اربن فلڈنگ کا خطرہ

پنجاب میں مون سون بارشوں کے دوران اربن فلڈنگ کا خطرہ ظاہر کیا گیا ہے۔ فوٹو: اے ایف پی
پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے کہا ہے کہ صوبے میں مون سون بارشوں کا دوسرا سلسلہ 5 جولائی سے شروع ہو گا۔
ترجمان پی ایم ڈی اے کے مطابق 5 سے 10 جولائی کے دوران صوبے بھر میں مون سون بارشوں کی پیشگوئی ہے، انتظامیہ کو الرٹ جاری کر دیا ہے۔
پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ 7 جولائی سے صوبے کے بڑے دریاؤں میں پانی کے بہاؤ میں نمایاں اضافہ ہو گا۔
دریاؤں سے ملحقہ ندی نالوں، ہل ٹورنٹس اور برساتی نالوں میں سیلابی صورتحال کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
اس دوران شمالی اور وسطی پنجاب کے شہروں میں شدید بارش کے باعث اربن فلڈنگ کا بھی خطرہ موجود ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق تمام متعلقہ اداروں کو پیشگی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔
راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، منڈی بہاؤالدین، گوجرانولہ، حافظ آباد، وزیر آباد اورلاہور سمیت دیگر علاقوں میں بارش کی پیشگوئی ہے۔
جبکہ 6 سے 8 جولائی کے دوران بہاولپور، بہاولنگر، ڈی جی خان، ملتان، مظفرگڑھ، خانیوال، لودھراں، راجن پور، رحیم یار خان اور لیہ میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون ہوائیں مسلسل ملک میں داخل ہو رہی ہیں۔ آئندہ چند روز کے دوران مون سون بارشیں جاری رہنے کا امکان ہے تاہم 5 جولائی کی شام یا رات سے مون سون بارشوں کی شدت میں اضافے کی پیشگوئی ہے۔
جبکہ جولائی کو مغربی ہواؤں کا سلسلہ بھی ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہونے کی توقع ہے۔
5 جولائی کی رات سے 8 جولائی کے دوران موسلا دھار بارش کے باعث مری، گلیات، مانسہرہ، کوہستان، ایبٹ آباد، بونیر، چترال، دیر، سوات، شانگلہ، نوشہرہ، صوابی، مردان، اسلام آباد، راولپنڈی، ڈی جی خان، شمال مشرقی پنجاب، کشمیر اور بلوچستان کے ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
شدید بارشوں کے باعث خیبرپختونخوا، مری، گلیات، کشمیر اور گلگت بلتستان میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے جس سے ٹریفک کی آمد و رفت متاثر ہو سکتی ہے۔

 

شیئر: