Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

لائیو: وادی نیلم میں گاڑی حادثے کا شکار، ایک خاندان کے 6 افراد ہلاک

اہم نکات:
  • وزیراعظم کی ترکیہ، آذربائیجان اور ایران کے صدور سے ملاقات
  • کراچی میں رہائشی عمارت گرنے سے 5 افراد ہلاک، 30 سے زائد ملبے کے نیچے
  • شمالی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز کی کارروائی، 30 شدت پسند ہلاک
  • پاکستان میں 6 سے 10 جولائی تک مزید بارشوں اور سیلاب کی وارننگ

وادی نیلم میں گاڑی حادثے کا شکار، ایک خاندان کے 6 افراد ہلاک
پاکستان کے زیرانتظام کشمیر کے سیاحتی مقام وادی نیلم میں چلہانہ کے مقام پر ایک گاڑی حادثے کا شکار ہو گئی ہے جس میں ایک ہی خاندان کے چھ افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
حکام کے مطابق جمعے کو چلہانہ کے مقام پر ایک گاڑی کو حادثہ پیش آنے کی اطلاع ملی، اطلاع ملتے ہی فوری طور پر ایمرجنسی سروسز ریسکیو 1122 یونٹ آٹھمقام کو موقع کی طرف روانہ کیا گیا۔
حادثے میں پانچ خواتین اور ایک مرد کی ڈیڈ باڈیز کو نکال کر قریبی آرمی کی یونٹ نوسیری پہنچایا جہاں شناخت کے بعد لواحقین کے حوالے کیا گیا۔
لواحقین کے مطابق ہلاک ہونے والے افراد اپنے رشتہ داروں سے ملنے جورا جا رہے تھے اور چلہانہ کے مقام پر سے موڑ کاٹتے ہوئے گاڑی دریائے نیلم مین جا گری۔

کراچی میں رہائشی عمارت گرنے سے 5 افراد ہلاک، 30 سے زائد ملبے کے نیچے

کراچی کے علاقے لیاری میں پانچ منزلہ عمارت گرنے سے پانچ افراد ہلاک اور چھ زخمی ہوئے ہیں۔ جبکہ 30 سے زائد افراد کے ملبے تلے دبے ہونے کی اطلاعات ہیں۔
جمعے کو ایس ایس پی سٹی عارف عزیز کی طرف سے جاری بیان کے مطابق ’اب تک پانچ افراد کی لاشوں اور چھ سے سات زخمیوں کو نکال لیا گیا ہے، جبکہ 30 سے زائد افراد ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔‘ انہوں نے کہا کہ ریسکیو کے عمل کو تیز کر دیا گیا ہے۔
ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد کے مطابق لیاری کی تنگ گلیوں کے باعث امدادی سرگرمیوں میں مشکلات کا سامنا ہے۔ دوسری طرف  وزیراعلیٰ سندھ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے شہر کی مخدوش عمارتوں کی تفصیلات طلب کرلیں۔

وزیراعظم کی ترکیہ، آذربائیجان اور ایران کے صدور سے ملاقات

وزیراعظم شہباز شریف اقتصادی تعاون تنظیم کے 17ویں سربراہی اجلاس کے موقع پر ترکیہ، آذربائیجان اور ایران کے صدر سے ملاقاتیں کیں۔
جمعے کو وزیراعظم کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق ترکیہ کے صدر اور وزیراعظم نے تجارت، دفاع، توانائی، علاقائی روابط اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔ 
وزیراعظم شہباز شریف نے آذربائیجان کے صدر الہام علیوف کے ساتھ دو طرفہ ملاقات کی جس میں تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔

دونوں رہنماؤں نے اقتصادی شراکت داری بالخصوص آذربائیجان کی پاکستان میں سرمایہ کاری کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ دونوں ممالک کی قیادت کے درمیان حالیہ بات چیت باہمی تعلقات کی مزید مضبوطی میں معاون ثابت ہوئی ہے۔
ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پیزشکیان سے ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور ایران کے مابین تمام شعبوں میں جاری دوطرفہ تعاون کا جائزہ لیا اور پاک ایران تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اپنی گزشتہ ملاقات کے دوران کیے گئے فیصلوں پر ہونے والی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔

پاکستان میں 6 سے 10 جولائی تک مزید بارشوں اور سیلاب کی وارننگ

پاکستان کے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ملک میں 6 جولائی سے 10 جولائی کے درمیان مزید مون سون بارشوں، سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کی پیش گوئی کی ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق پنجاب کے شہر راولپنڈی، لاہور، فیصل آباد، ملتان اور ڈیرہ غازی خان کے شہروں کے ساتھ ساتھ دارالحکومت اسلام آباد میں مزید بارش اور تیز ہواؤں کا امکان ہے۔ سوات، چترال، پشاور، مردان اور خیبرپختونخوا کے دیگر علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
این ڈی ایم اے نے اپنی تازہ ترین ایڈوائزری میں کہا کہ بارشوں اور دیگر عوامل کی وجہ سے نشیبی علاقوں میں سیلاب، ندیوں اور نہروں کے بہہ جانے اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے۔
اتھارٹی کے مطابق شمالی گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں موسلادھار بارش، سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ ہو سکتی ہے۔

شمالی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز کی کارروائی، 30 شدت پسند ہلاک

پاکستان آرمی کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے کہا ہے کہ سکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان میں 2 اور 3 جولائی کی درمیانی شب پاکستان افغانستان سرحد پر دراندازی کے خلاف کارروائی میں 30 شدت پسند ہلاک کیے ہیں۔
جمعے کو آئی ایس پی آر کی طرف سے جاری پریس ریلیز کے مطابق ’انڈین پراکسی فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے خوارج کے ایک بڑے گروہ کی پاکستان افغانستان سرحد پر نقل و حرکت دیکھی گئی جن کو سیکورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے ضلع حسن خیل میں ہلاک کیا۔‘
’سکیوٹی فورسز نے مؤثر طریقے سے دراندازی کی کوشش کو ناکام بنایا اور تمام 30 خوارج کو جہنم واصل کر دیا گیا جن کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد ہوا ہے۔‘

وزیرِاعظم آذربائیجان میں اقتصادی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس میں شرکت کریں گے

وزیرِاعظم شہباز شریف آج آذربائیجان کے شہر خانکندی میں اقتصادی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس میں شرکت کریں گے۔
جمعے کو وزیرِاعظم کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق وہ اقتصادی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس سے خطاب  کریں گے جس میں وزیرِاعظم عالمی و علاقائی امور، تجارت کے فروغ، پائیدار ترقی، علاقائی روابط کی مضبوطی اور خطے کے چیلنجز کے حل پر گفتگو کریں گے۔
وزیرِ اعظم اجلاس میں شرکت کیلئے آئے عالمی رہنماؤں سے اہم ملاقاتیں بھی کریں گے۔

 

شیئر: