مکہ مکرمہ کے ساحلی علاقے، رأس محیسن کے مقابل واقع جزیرہ ’شُغیب‘ سعودی عرب کے قدرتی خزانوں میں سے ایک نایاب موتی کی حیثیت رکھتا ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق یہ جزیرہ اُن افراد کے لیے ایک مثالی مقام ہے جو سکون، قدرتی خوبصورتی اور شفاف ساحلوں کے متلاشی ہیں۔
ساحل سے تقریباً 0.4 بحری میل کے فاصلے پر واقع یہ جزیرہ نرم و سفید ریت اور شفاف نیلگوں پانیوں کے باعث قدرتی حسن کی ایک پُرکشش تصویر پیش کرتا ہے۔

جزیرہ ’شغیب‘ اُن افراد کو خاص طور پر اپنی جانب متوجہ کرتا ہے جو غوطہ خوری کے شوقین ہیں، کیونکہ اس کے اطراف میں موجود مرجان کی چٹانیں زندگی سے بھرپور اور دلکش مناظر پیش کرتی ہیں۔
یہاں کا صاف و شفاف پانی اور پرسکون ماحول، سیاحوں کو ایک سحر انگیز تجربہ فراہم کرتا ہے، اور فطرت کی فیاضی کا بھرپور احساس دلاتا ہے۔
سعودی جیولوجیکل سروے کے ترجمان، طارق ابا الخیل کے مطابق، ’شغیب‘ ایک مرجانی جزیرہ ہے جو دوقة قصبے کے مغرب اور رأس محیسن کے جنوب میں واقع ہے۔

جزیرے کا مجموعی رقبہ تقریباً 0.2 مربع کلومیٹر ہے، اور اس کی سطح تقریباً ہموار ہے، جس کی بلند ترین سطح 2 میٹر سے زیادہ نہیں۔ جزیرے کا بیشتر حصہ نرم و سفید ریت سے ڈھکا ہوا ہے۔
بحیرہ احمر کے ساحلی علاقے میں ’شغیب‘ جیسے کئی اور جزیرے بھی واقع ہیں، جو قدرتی مناظر اور سمندری سرگرمیوں کے شوقین افراد کو اپنی جانب کھینچتے ہیں۔