متحدہ عرب امارات کی وفاقی اتھارٹی برائے شہریت و کسٹمز نے گولڈن اقامہ کے حوالے سے ان خبروں کی تردید کی ہے جن میں دعوی کیا جارہا تھا کہ امارات میں بعض ممالک کے شہریوں کو لائف ٹائم گولڈن اقامہ دیا جائے گا۔
امارات الیوم کے مطابق شہریت و امیگریشن اتھارٹی کا مزید کہنا تھا ’گولڈن اقامے یا ویزے کی اقسام اور اس حوالے سے شرائط حکومت کی جانب سے واضح طور پر جاری کی گئی ہیں جن کی تفصیلات سرکاری سطح پر ویب سائٹ پر موجود ہیں۔‘
مزید پڑھیں
-
امارات میں غیرملکی طلبا گولڈن اقامہ کیسے حاصل کرسکتے ہیں؟Node ID: 891916
-
کیا امارات کرپٹو کرنسی میں سرمایہ کاری پر گولڈن اقامہ دے رہا ہے؟Node ID: 891953
اتھارٹی نے مزید کہا’ گولڈن اقامے کے حوالے سے درخواستیں وصول کرنے اور ان کے بارے میں فیصلہ کرنے کا اختیار صرف متعلقہ حکومتی اداروں کو ہے کوئی بھی غیرمتعلقہ ادارہ اس کا اہل نہیں اور نہ کسی طرح کی رائے دینے کا مجاز ہے۔‘
واضح رہے امیگریشن اینڈ شہریت اتھارٹی نے حال میں ایک ملک کی ایجنسی کی جانب سے جاری اشتہارات کا نوٹس لیا ہے جن میں دعوی کیا جارہا تھا کہ امارات میں بیرون ملک سے بھی آسان شرائط پر تاحیات گولڈن اقامہ حاصل کرنے کےلیے درخواستیں جمع کرائی جاسکتی ہیں۔
اتھارٹی نے متنبہ کیا کہ گولڈن اقامے کے لیے سرکاری ادارے کی ویب سائٹ پر ہی دی گئی معلومات مصدقہ ہیں۔
گولڈن اقامہ حاصل کرنے والے خواہشمند کسی ایجینٹ وغیرہ کے جھانسے میں نہ آئیں اور براہ راست متعلقہ ادارے کی جانب سے جاری کیے گئے ضوابط کو فالو کریں تاکہ جعل سازی سے بچ سکیں۔