Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

تجارتی پردہ پوشی پر سعودی اور یمنی کے خلاف احکامات جاری

غیرملکی کو مملکت کے لیے بلیک لسٹ کردیا گیا (فوٹو، ایکس اکاونٹ)
وزارتِ تجارت نے ریاض میں  سعودی شہری اور یمنی کے خلاف تجارتی پردہ پوشی کا جرم ثابت ہونے پر ان کے خلاف عائد ہونے والی سزا پرعمل درآمد کردیا۔
اخبار 24 کے مطابق وزارت تجارت کی جانب سے جمعرات کو جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ وزارتِ کی تفتیشی کمیٹی نے عطر اور خواتین کی آرائشی اشیا کا کاروبار کرنے کے الزام میں ایک یمنی شہری کو حراست میں لیا جس کے قبضےسے سات ممالک کی کرنسی اور بڑی مقدار میں سونے کے بسکٹ برآمد ہوئے۔
تفتیشی ٹیم نے جب یمنی کے بارے میں اطلاعات حاصل کیں تو معلوم ہوا کہ وہ ایک مقامی کمپنی میں ’سیلز مین‘ کے طورپر رجسٹرڈ ہے مگر حقیقت میں وہ اس کمپنی کا مالک ہی ہے جو سعودی شہری کے نام پربڑا کاروبار کررہا تھا۔
وزارت کی کمیٹی نے سعودی شہری اور یمنی کو وزارت تجارت کی عدالت میں پیش کیا جہاں جرم ثابت ہونے پرعدالت نے 60 ہزارریال کا جرمانہ عائد کرنے کے علاوہ کمپنی کی کمرشل رجسٹریشن معطل کرتے ہوئے یمنی کو ملک بدر کرتے ہوئے بلیک لسٹ کرنے کے احکامات صادر کردیئے۔
واضح رہے سعودی عرب میں تجارت کے لیے قانون واضح ہے غیرملکی افراد سرمایہ کاری لائسنس کے بغیر کسی قسم کا ذاتی کاروبار کرنے کے اہل نہیں ہوتے ایسا کرنا خلاف قانون ہے جس پر مختلف سزائیں مقرر ہیں۔

 

 

شیئر: