جدہ سیزن میں نئی تفریحی سرگرمیوں کا آغاز
ہفتہ 12 جولائی 2025 13:51
’سرگرمیوں میں تنوع اور مختلف عمر اور طبقات کے وزٹروں کی توقعات پوری کی جائیں گی‘ ( فوٹو: سبق)
جدہ سیزن کی انتظامیہ نے کہا ہے کہ سیاحتی، تفریحی اور کھیلوں سے متعلق سرگرمیاں سال بھر جاری رہیں گی جبکہ موسم گرما کی تقریبات کا آغاز اور متعدد نئی تفریحی جگہوں کا افتتاح گرما کی تعطیلات کے ساتھ کیا گیا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق انتظامیہ نے کہا ہے کہ ’تفریحی سرگرمیوں میں تنوع پیدا کرنے اور مختلف عمر اور طبقات سے تعلق رکھنے والے وزٹروں کی توقعات پوری کی جائیں گی‘۔
انتظامیہ نے کہا ہے کہ ’گزشتہ شب جدہ کی فضا نے ایک دلکش بصری منظر دیکھا جب ’جدہ آرٹ پروميناد‘ میں ڈرون اور روشنیوں کے دل فریب مظاہرے کئے گئے‘۔
’رنگوں اور بصری اثرات کا حسین امتزاج تھری ڈی آرٹ کے مناظر میں ڈھل گیا جو سیزن کی تخلیقی روح کی عکاسی کرتا ہے اور شہر کی شاموں کو جادوئی اور ناقابل فراموش بنا دیتا ہے‘۔

’جدہ سال بھر متنوع اور تخلیقی سرگرمیوں کے ذریعے چمکتا رہتا ہے اور جدہ سیزن 2025 کے ورژن میں ’جدہ شاپنگ فیسٹیول‘ بھی شامل ہے جو روایتی بازاروں، جدید تجارتی مراکز، پروموشنز، ڈسکاؤنٹس، ہوٹلز، فلائٹ ٹکٹس، کار رینٹل اور ریستورانوں میں خصوصی آفرز پیش کرتا ہے‘۔

جدہ سیزن کی انتظامیہ نے کہا ہے کہ ’اس سال نئی تفریحی مقامات شامل کئے ہیں جن میں مغربی ساحل بھی ہے جہاں متنوع تفریحی سرگرمیاں، خواتین کے لیے مخصوص ساحل، دن اور رات کی تفریحی سرگرمیاں اورآبی کھیل شامل ہیں۔
یہاں موسیقی کے شوز اور ساحلی تجربات بھی پیش کئے جاتے ہیں۔

اسی طرح پرفیوم نمائش میں مقامی و بین الاقوامی خوشبوؤں کی وسیع رینج، ماہرین و مشاہیر کی شرکت، خصوصی ورکشاپس اور منفرد لانچز شامل ہیں۔
ونڈر لینڈ فاریسٹ ایک بند اور ایئرکنڈیشنڈ علاقہ ہے جو نئی انٹرایکٹو مہم جوئی اور تجربات پیش کرتا ہے جن میں جانوروں کے ساتھ کھیلنا، اسٹیج شوز، واکنگ شوزاور جنگلاتی انداز کے ریستوران شامل ہیں جو ہر وقت کے لیے موزوں ہیں۔