پاکستان سے آنے والے افغان مہاجرین کے لیے فوڈ سیکیورٹی پروجیکٹ
ہفتہ 12 جولائی 2025 10:26
’واپس آنے والے افغان مہاجرین کے لیے 5 ہزار غذائی حصص مختص کئے گئے ہیں‘ ( فوٹو: سبق)
کنگ سلمان سینٹر برائے انسانی امداد نے افغانستان میں سال 2025/2026 کے لیے فوڈ سیکیورٹی اور ایمرجنسی پروجیکٹ کا آغاز کیا جو طورخم بارڈر پر واقع عمرى کیمپ میں عمل میں آیا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق منصوبے کے تحت پاکستان سے واپس آنے والے افغان مہاجرین کے لیے 5 ہزار غذائی حصص مختص کئے گئے ہیں۔
افتتاحی تقریب میں صوبہ ننگرہار کے مہاجرین و واپسی امور کے سربراہ باز محمد، کنگ سلمان سینٹر کی ٹیم اور افغان حکام کی بڑی تعداد نے شرکت کی ہے۔
اس موقع پرباز محمد نے سعودی عرب کی مسلسل انسانی امداد پر تہہ دل سے شکریہ اور قدر دانی کا اظہار کیا ہے۔
دوسری طرف کنگ سلمان سینٹر نے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں جاری رکھتے ہوئے متعدد تباہ حال علاقوں میں متاثرہ افراد کی مدد کا سلسلہ برقرار رکھا ہوا ہے۔
اس سلسلے میں شام کے صوبہ اللاذقیہ کے دیہی علاقوں میں آتشزدگی سے متاثرہ خاندانوں میں غذائی اور امدادی سامان تقسیم کیا گیا ہے۔
امدادی اشیا میں ایک ہزار غذائی پیکٹ اورایک ہزار خیمے شامل تھے جنہیں ایمان، بیت القصير، المحموديہ، الغسانيہ، القلوب، زنزف، الريانہ اور المزرعہ نامی دیہات میں تقسیم کیا گیا ہے۔
یہ تمام اقدامات سعودی عرب کی جانب سے کنگ سلمان سینٹر کے ذریعے دنیا بھر میں متاثرہ اقوام کی امداد کے لیے جاری انسانی خدمات کا حصہ ہیں جو سعودی عرب کے قائدانہ کردار اور انسانیت نوازی کے اصولوں کی عملی ترجمانی کرتے ہیں۔