طلبہ کو ٹرانسپورٹ فراہم کرنے والے افراد کے لیے نئے ضوابط
’صرف سعودی شہری جن کی عمر 25 سال یا اس سے زیادہ ہو انہیں اجازت ہوگی‘ ( فوٹو: سبق)
سکول ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے طلبہ کو انفرادی طور پر ٹرانسپورٹ کی سہولت فراہم کرنے کی مشروط اجازت دے دی ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق نئے ضوابط مقرر کئے گئے ہیں جن کا مقصد اس شعبے کو منظم کرنا، سرمایہ کاری کو فروغ دینا اور طلبہ کی سلامتی کو یقینی بنانا ہے۔
نئے ضوابط میں صرف سعودی شہری جن کی عمر 25 سال یا اس سے زیادہ ہو اور جو مؤثر ڈرائیونگ لائسنس رکھتے ہوں، انہیں یہ سرگرمی انجام دینے کی اجازت ہوگی، بشرطیکہ گاڑی ان کی ملکیت ہو یا منظور شدہ مالیاتی اسکیم کے تحت ہو۔
اتھارٹی نے واضح کیا ہے کہ گاڑی میں مخصوص حفاظتی تقاضے پورے کرنے ہوں گے جن میں فنی معائنہ، انشورنس اور اتھارٹی کے الیکٹرانک نظام سے منسلک ہونا شامل ہے۔
بڑی بس کے لیے پیلا رنگ، رجسٹریشن نمبر اور رفتار کی نشاندہی لازمی ہوگی جبکہ بس کی زیادہ سے زیادہ عمر 12 سال اور کار کی 5 سال مقرر کی گئی ہے۔
ضوابط میں یہ بھی شامل ہے کہ ڈرائیور کا مجرمانہ ریکارڈ صاف ہو، پیشہ ورانہ ٹیسٹ پاس کیا ہو اور ادارے سے معاہدہ موجود ہو۔
سفر سے پہلے گاڑی کا حفاظتی معائنہ اور بچوں کی سلامتی یقینی بنانا ڈرائیور کی ذمہ داریوں میں شامل ہے۔
اتھارٹی نے خبردار کیا ہے کہ قواعد کی خلاف ورزی کی صورت میں سزائیں دی جائیں گی تاہم متعلقہ افراد کو 30 روز کے اندر اپیل کا حق حاصل ہوگا۔