Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی قیادت کی بنگلہ دیش میں سکول پر طیارہ گرنے سے ہلاکتوں پر تعزیت

شاہ سلمان اور ولی عہد نے الگ الگ تعزیتی پیغامات بھیجے ہیں۔ (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی قیاددت نے ڈھاکا میں ایک سکول پر بنگلہ دیشی ایئر فورس کا تربیتی طیارہ گرنے سے ہلاکتوں پر بنگلہ دیش کے صدر محمد شہاب الدین سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
ایس پی اے کے مطابق شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد محمد بن سلمان نے الگ الگ تعزیتی پیغامات بھیجے ہیں۔
تعزیتی پیغامات میں بنگلہ دیشی صدر، مرنے والوں کے اہل خانہ سے دلی تعزیت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی خواہش کا اظہار کیا گیا۔
یاد رہے کہ پیر کو دارالحکومت ڈھاکا میں ایئر فورس کا تربیتی طیارہ سکول میں گر کر تباہ ہوا، جس میں 25 بچوں اور ایک ٹیچر سمیت 27 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ جنگی جہاز نے دن ایک بج کر چھ منٹ پر ایئر فورس کے بیس سے اڑان بھری جو معمول کی تربیت کا حصہ تھا، تاہم جلد ہی اس میں تکنیکی خرابی پیدا ہو گئی۔
پائلٹ نے کوشش کی کہ جہاز کو آبادی سے دور لے جایا جائے تاکہ کم سے کم جانی نقصان ہو، تاہم یہ کوشش کامیاب نہیں ہوئی اور جہاز سکول کی عمارت کے اوپر گر گیا۔
یہ حادثہ کئی دہائیوں میں بنگلہ دیش میں ہوا بازی کا سب سے مہلک حادثہ تھا۔
واقعے کے بعد بنگلہ دیش ایئر فورس نے تحقیقات کے لیے ایک اعلیٰ سطح کی کمیٹی تشکیل دی ہے تاکہ سانحے کی اصل وجوہ کا پتہ چلایا جا سکے۔
اب تک کی سب سے مہلک تباہی 1984 میں ہوئی جب چٹوگرام سے ڈھاکا جانے والا ایک طیارہ گر کر تباہ ہو گیا جس میں سوار تمام 49 افراد ہلاک ہو گئے۔

 

 

 

 

 

 

شیئر: