Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امارات کی ایئر عربیہ ابوظبی نے پاکستان کے لیے پروازوں کی تعداد میں اضافہ کردیا

متحدہ عرب امارات کی کم لاگت ایئرلائن ایئر عربیہ ابوظبی نے پاکستان میں اپنے آپریشنز کو وسعت دیتے ہوئے ملتان اور فیصل آباد کے لیے پروازوں کی تعداد میں اضافہ کر دیا ہے۔
ایئرلائن کے مطابق اس اقدام کا مقصد یو اے ای اور پاکستان کے درمیان فضائی رابطوں کو مزید مستحکم کرنا اور مسافروں کے لیے سستا، قابل اعتماد اور سہل سفر یقینی بنانا ہے۔
ایئر عربیہ کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق ملتان کے لیے ہفتہ وار پروازوں کی تعداد دو سے بڑھا کر پانچ کر دی گئی ہے، جبکہ ستمبر 2025 سے یہ پروازیں روزانہ کی بنیاد پر چلائی جائیں گی۔ 
اسی طرح فیصل آباد کے لیے ہفتہ وار پروازوں کی تعداد بھی دو سے بڑھا کر چار کر دی گئی ہے، جس سے مسافروں کو زیادہ سہولت اور آرام دہ سفر کے مواقع حاصل ہوں گے۔
ایئر عربیہ گروپ کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر عادل علی کا کہنا ہے کہ ’پاکستان ’ایئر عربیہ ابوظبی‘ کے لیے ایک پُرکشش مارکیٹ ہے۔‘
’ملتان اور فیصل آباد کے لیے پروازوں میں اضافہ یو اے ای اور پاکستان کے درمیان سستے اور قابل اعتماد فضائی سفر کی بڑھتی ہوئی طلب کو پورا کرنے کے ہمارے عزم کو ظاہر کرتا ہے، جو ہمارے صارفین کو بہتر سہولت اور رابطے فراہم کرے گا۔‘
پروازوں میں اضافے کے ساتھ ساتھ ایئر عربیہ ابوظبی نے حال ہی میں سیالکوٹ کے لیے بھی براہ راست پروازوں کا آغاز کیا ہے، جس سے پاکستان میں اس کا فضائی نیٹ ورک مزید وسیع ہو گیا ہے۔
ایئرلائن کی توسیعی حکمت عملی کے تحت رواں سال کے اختتام تک دو نئے طیارے بیڑے میں شامل کیے جائیں گے، جس سے آپریشنل صلاحیت میں اضافہ ہو گا اور نئے رُوٹس متعارف کروانے کی راہ ہموار ہو گی۔
ایئر عربیہ ابوظبی کا بیڑہ اس وقت 12 ایئر بس اے 320 جدید طیاروں پر مشتمل ہے، جو دنیا کے سب سے زیادہ فروخت ہونے والے سنگل آئل طیارے شمار ہوتے ہیں۔ 
مسافر ایئر عربیہ کی پروازیں ایئرلائن کی ویب سائٹ، کال سینٹر یا اپنی پسندیدہ ٹریول ایجنسی کے ذریعے باآسانی بُک کر سکتے ہیں۔
 

 

شیئر: