Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈیا، انگلینڈ ٹیسٹ میچ: ’مداح کو پاکستانی جرسی ڈھانپنے کا کہا گیا‘

معاملہ جب بحث میں تبدیل ہوا تو پولیس نے مداخلت کی۔ (فوٹو: فاروق نظر)
مانچسٹر کے کرکٹ گراؤنڈ اولڈ ٹریفرڈ میں پاکستانی کرکٹ ٹیم کی جرسی پہن کر آنے والے مداح کو سکیورٹی نے جرسی ڈھانپنے کا کہہ دیا۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ فاروق نظر نامی کرکٹ فین پاکستان ٹیم کی جرسی پہن کر انڈیا اور انگلینڈ کا میچ دیکھ رہے تھے جب سکیورٹی اہلکار نے انہیں جرسی ڈھانپنے کا کہا۔
یہ واقعہ میچ شروع ہونے سے پہلے پیش آیا جو بظاہر آخری ٹیسٹ کا آخری دن تھا جب لنکا شائر کاؤنٹی کرکٹ کلب کے ایک سٹیورڈ نے فاروق نظر کے پاس آ کر انہیں کہا کہ آپ اپنی جرسی ڈھانپ لیں۔
فاروق نظر کو کہتے ہوئے سنا جا سکتا ہے کہ میں پیسے دے کر میچ دیکھنے آیا ہوں، مجھے آپ کا حکم تحریری شکل میں چاہیے۔
جب مداح نے تحریری ثبوت مانگا تو مزید سٹیورڈز کو معاملہ حل کرنے کے لیے بلایا گیا اور بظاہر انہیں شرٹ ڈھانپنے کے لیے جواز پیش کیا گیا۔
اس ہی دوران مداح نے کہا کہ یہ چھوٹی سی بات ہے، یہاں سب اپنے ممالک کی ترجمانی کر رہے ہیں اور میں اپنے ملک کی شرٹ پہن کر پاکستان کی ترجمانی کر رہا ہوں۔ اگر آپ مجھے زبردستی باہر لے جاتے ہیں تو وہ آپ کی مرضی ہے مگر یہاں ساری عوام یہ منظر ریکارڈ کرے گی۔
معاملہ بحث میں تبدیل ہوا تو پولیس موقع پر پہنچی اور مداح کو کہا گیا کہ کچھ منٹ کے لیے باہر چل کر بات کرتے ہیں اور معاملہ سلجھاتے ہیں۔
اس حوالے سے کرکٹ کلب یا متعلقہ محکمہ کی جانب سے کوئی ردعمل تاحال سامنے نہیں آیا۔

 

شیئر: